بجٹ کم ملا تو پروگرامات بند کرنے پڑیں گے، چیئرمین ایچ ای سی

بجٹ کم ملا تو پروگرامات بند کرنے پڑیں گے، چیئرمین ایچ ای سی

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا ہے کہ ہمیں بجٹ کم ملا تو اپنے پروگرامز بند کر دیں گے۔ کم وسائل میں اعلیٰ تعلیم کو آگے نہیں لے جایا جاسکتا اس لیے وزیر اعظم ایچ ای سی کے بجٹ میں اضافہ کریں۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں بات کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ حکومت نے مالی سال 20-2019 کے بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں بہت زیادہ کمی کر دی ہے جس کی وجہ سے ہائر ایجوکیشن کے پروگرامز شدید متاثر ہوں گے اور اس کا اثر ملک کے تعلیمی نظام پر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 117 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے پروگرامز براہ راست متاثر ہوں گے۔ جب ہمارے پاس وسائل نہیں ہوں گے تو ہم مزید طلبہ کو داخلہ نہیں دے سکیں گے کیونکہ ہمارے پاس اساتذہ کو دینے کے لیے تنخواہ ہی نہیں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’حکومت کی جانب سے بجٹ کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا‘

ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہمیں اپنی لیبارٹریز اور ریسرچ کے پروگرامز کو بھی بند کرنا پڑ سکتا ہے تاہم ہم اپنے اخراجات پر قابو پانے کی کوشش کریں گے اور دیگر ذرائع استعمال کریں گے لیکن ہمیں اپنے اساتذہ کو تنخواہیں دینی ہی ہیں اسے تو نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تعلیم کے بجٹ کو بڑھانا چاہیے تھا لیکن موجودہ حکومت نے تو اسے بڑھانے کے بجائے کم کر دیا ہے۔ دوسری جانب ہم سے منسلک جامعات بھی پریشان ہیں اور ہم سے مسلسل رابطہ کر رہے ہیں لیکن ہم نے انہیں پیسے دینے سے منع کر دیا ہے کیونکہ اب ہم پہلے اپنے اخراجات پورے کریں گے۔


متعلقہ خبریں