غیر منتخب لوگ حکومتی فیصلے کر رہے ہیں، سینیٹر جاوید عباسی


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما اور سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ غیر منتخب لوگ حکومتی فیصلے کر رہے ہیں جبکہ حکومت بجٹ میں ہونے والی غلطیوں کو ماننے کے بجائے اس پر ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں بات کرتے ہوئے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے بجٹ پر حکومت کی جانب سے بہت بڑا کٹ لگا دیا جس کا ملک کے تعلیمی نظام پر بہت برا اثر پڑے گا۔ حکومت میں آنے سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تعلیم کے فروغ کی باتیں کرتی تھی لیکن حکومت ملنے کے بعد انہوں نے تعلیم کا بیڑا غرق کرنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔

انہوں نے ہائر ایجوکیشن سے متعلق فواد چوہدری کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت سے بہت دور کی باتیں کرتے ہیں کیونکہ ایچ ای سی کے بجٹ میں بہت زیادہ کمی کر دی گئی لیکن یہ اپنی غلطی ماننے کو تیار ہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے آج آئی ایم ایف کا بنایا ہوا بجٹ پیش کیا، ندیم ملک

جاوید عباسی نے کہا کہ حکومت ہائر ایجوکیشن کا بجٹ نہ بڑھاتی لیکن ان کے بجٹ میں کمی تو نہ کرتی، اب وہ اپنے معاملات کیسے چلائیں گے ؟

انہوں ںے کہا کہ بجٹ میں ہونے والی غلطیوں پر تحریک انصاف کا کوئی قصور نہیں ہے کیونکہ یہ بجٹ انہوں نے نہیں آئی ایم ایف نے بنایا ہے اور وہ پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے رات گئے عمران خان نے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا جبکہ ڈیمز پر شور مچانے والوں نے ڈیمز کی تعمیرات کے لیے بھی کوئی خاطر خواہ منصوبہ بندی جاری نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے انتہائی خراب حالات کے باعث حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن عمران خان نے ملک کی خاطر ان کے ساتھ بیٹھنا تو دور کی بات ہاتھ ملانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ وہ اس ملک کو اکیلے کس طرح آگے لے کر جائیں گے۔


متعلقہ خبریں