‘چوروں کو نہ پکڑا تو ملک خانہ جنگی کی طرف چلا جائے گا’


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ اگر بدعنوان سیاست دانوں اور چوروں کو نہیں پکڑا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل اداروں میں بھی ہو رہا، پاک فوج نے بھی اپنے کئی افسران کے خلاف کارروائی کی ہے اگر ان کا احتساب ہو سکتا ہے تو سیاست دان کوئی مقدس گائے نہیں ہے۔

اعظم سواتی کی جانب سے مبینہ طور پر سی ڈی اے کی زمین پر قبضہ کرنے کے حوالے سے شوکت بسرا نے کہا کہ اس حوالے سے دستاویزات مجھے فراہم کریں، میں خود وزیراعظم کے پاس یہ لے کر جاؤں گا اگر وہ اس جرم کے مرتکب ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود دوسرے ممالک سے بھیک مانگنے پر مجبور ہے، ملک کو ایسی حالت میں پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے اگر کارروائی نہ ہوئی تو تاریخ پی ٹی آئی کو بھی معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اگر کسی فرشتے کو بھی احتساب کمیشن کا چیئرمین بنا دیں تب بھی حزب اختلاف کو اعتراض ہو گا کہ وہ عمران خان سے ملا ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں