سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی سے 510 کلو میٹر دور رہ گیا


کراچی: بحیرہ عرب میں اٹھنے والا سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی کے ساحل سے 510 کلو میٹر دور رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سارا دن گرمی اور حبس کا راج رہا اور پارہ 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا۔

ہوا میں نمی زیادہ ہونے سے گرمی کا احساس 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہوا۔

شہر میں گرمی کی یہ لہر مزید دو دن جاری رہے گی۔ اس دوران سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں  ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر سمیت  دیگر شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب گرمی کے ستائے شہریوں کےلیے خوشخبری یہ ہے کہ آئندہ ہفتے بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے:کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی سندھ، وسطی پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختون خوا کے کئی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ چند دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے سے موسم پر کچھ اثر نہ ہوا، ملک بھر میں سخت گرمی نے شہریوں کا برا حال کردیا، مگر اب پھر بادل برسیں گے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے خوشخبری دی ہے کہ آئندہ ہفتہ ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت کم ہوگی۔

جمعرات سے ہفتہ کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان، بالائی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران مکران، قلات، ژوب اور ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوگی۔

بارشوں سے درجہ حرارت میں 4 سے 6  درجہ معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں