جرمنی: 5 جی کی نیلامی سے 7.3 ارب ڈالرز کی آمدنی

جرمنی: 5 جی کی نیلامی سے 7.3 ارب ڈالرز کی آمدنی

برلن: جرمنی کی حکومت کو 5 جی کی 41 مختلف اقسام کی فریکوئنسیوں کی ہونے والی نیلامی سے 6.5 ارب یورو ( 7.3 ارب امریکی ڈالرز) خطیر رقم حاصل ہوگی۔ یہ بات گزشتہ روز اس وقت یقینی ہوگئی جب ہونے والی نیلامی میں مختلف اداروں کی جانب سے 497 مرتبہ بولیاں دی گئیں۔

جرمنی کی خبر رساں ایجنسی ’ڈی پی اے‘ کے مطابق لائسنسوں کی نیلامی کے نتیجے میں ہونی والے آمدنی وفاقی حکومت کی توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔

جرمنی کی ’فیڈرل نیٹ ورک ایجنسی‘ کے حوالے سے خبررساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ نیلامی کے دوران مختلف اداروں کی طرف سے 497 مرتبہ بولیاں لگائی گئیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

نیلامی ’5 جی نیٹ ورک‘ کی فریکوئنسیوں کے ایک وسیع ’اسپیکٹرم‘ سے متعلق تھی جو ڈیٹا کی بہت تیز رفتار ٹرانسفر کو یقینی بنائے گی۔ یہ فریکوئنسیاں دو گیگا ہرٹس سے لے کر 3.6 گیگا ہرٹس تک کے درمیان ہوں گی۔

5 جی انٹرنیٹ سروس اس قدر تیز رفتار ہو گی کہ مختلف صنعتی پیداواری اداروں کی کارکردگی کو اس نیٹ ورک سے جوڑا جا سکے گا، جرمنی کے مختلف شہر آپس میں مربوط ہوجائیں گے اور اسی نیٹ ورک کے ذریعے بنا ڈرائیوروں کے چلنے والی خود کار گاڑیاں بھی کنٹرول ہوسکیں گی۔

جرمن خبررساں ایجنسی کے مطابق نیلامی میں سب سے بڑی بولیاں جرمنی کے بڑے ٹیلیکوم ادارے ڈوئچے ٹیلیکوم، ووڈا فون اور ٹیلیفونیکا جرمنی کی طرف سے لگائی گئیں۔

کامیاب بولی دہندگان کے لیے لازمی ہے کہ وہ 2022 تک جرمنی کے 98  فیصد گھروں کو تیز رفتار انٹرنیٹ نیٹ ورک سے جوڑیں۔

مغربی نشریاتی ادارے کے مطابق جرمنی انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈ کی اوسطاً رفتار کے حوالے سے عالمی درجہ بندی میں 46 ویں نمبر پر ہے۔

جرمنی کی خبررساں ایجنسی کے مطابق حکومت کو جو آمدنی ہوئی ہے وہ اپنی نوعیت کی انوکھی ہرگز نہیں ہے کیونکہ 2015 میں 4 جی نیٹ ورک کی نیلامی سے جرمنی کی حکومت کو 5.1 ارب یورو کی آمدنی ہوئی تھی۔

جرمنی کے حوالے سے 2000 میں یہ اطلاعات عالمی ذرائع ابلاغ میں آئی تھیں کہ وہاں سے بہت سی ٹیلیکوم کمپنیاں اپنا کاروبار سمیٹ کررفو چکر ہوگئی ہیں کیونکہ مارکیٹ میں جو مقابلے بازی شروع ہوئی تھی اس کے لیے انتہائی خطیر رقم درکار تھی۔


متعلقہ خبریں