نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کرلیا


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے بے نامی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو گرفتار کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق فریال تالپور کو نیب راولپنڈی کی ٹیم نے حراست میں لیا اور انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ روز فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ہم نیوز نے خبر دی تھی کہآصف زرداری کے بعد نیب نے فریال تالپور کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔

فریال تالپور کو زرداری ہاؤس کے قریب نیب کی پانچ رکنی ٹیم نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا.

گرفتاری کے بعد مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ فریال تالپور، آصف زرداری کی بہن ہیں اور وہ بھی بہادری کے ساتھ صورت حال کاسامنا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت قانونی تقاضوں کو پورا کرتی رہی ہے اور آصف زرداری اور فریال تالپور عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری کی 10 جون کو عبوری ضمانت منسوخ کر دی گئی تھی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہاؤس سے گرفتار کیا تھا۔

ان کو نیب راولپنڈی کے دفتر میں علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی ابتدائی طبی رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

سابق صدر اس وقت 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔


متعلقہ خبریں