’بہتر فیلڈنگ کے ذریعے پاکستان کو مات دیں گے‘


ناٹنگھم: بھارت کے فیلڈنگ کوچ آر سری دھار نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف اور ورلڈ کپ کے دیگر میچوں میں بھی آؤٹ کرکٹ (بلے بازی اور گیند بازی کے علاوہ کھیل کے دیگر شعبے جیسے فیلڈنگ یا رننگ) اہم ترین کردار ادا کرے گی۔

ایک وقت تھا جب بھارت اور پاکستان کا شمار دنیا کی بدترین فیلڈنگ ٹیموں میں ہوتا تھا تاہم گزشتہ کئی سالوں کے دوران بھارت نے اس شعبے میں بہت بہتری کرلی اور اب یہ ایک معیاری فیلڈنگ ٹیم بن چکی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی گراؤنڈ فیلڈنگ میں کچھ بہتری آئی ہے تاہم کیچنگ تاحال قومی ٹیم کا کمزور شعبہ ہے۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت میچ: ٹکٹس پانچ لاکھ روپے میں دستیاب

گزشتہ روز پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے بھی کہا تھا کہ بھارت کے خلاف فتح حاصل کرنے کے لیے گرین شرٹس کو بہتر فیلڈنگ کرنا ہوگی۔

قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین اہم کیچز ڈراپ کیے اور کہا جائے کہ یہ کیچز دونوں ٹیموں کے درمیان فرق تھے تو یہ غلط نہ ہوگا۔

پاکستانی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں جبکہ بھارتی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہے۔

ٹرینٹ برج میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کوچ نے کہا کہ فیلڈنگ کسی بھی میچ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اوول کے میدان پر ہم نے 353 رنز اسکور کیے تھے تاہم اس کا دفاع کرنے کے لیے ہمیں فیلڈ پر بھرپور جان مارنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلے میچ اور آگے آنے والے میچوں میں بھی اپنے مخالفین کو فیلڈ پر مات دینا ہوگی، ہم توقع کررہے ہیں کہ ہمارے مخالفین بھی ایسا ہی سوچ رہے ہوں گے۔

اپنی ٹیم کی فیلڈنگ کی تعریف کرتے ہوئے بھارتی کوچ نے کہا کہ سلپ میں ہمارے پاس بااعتماد روہت شرما موجود ہیں جبکہ کیدار یادیو اور ویرات کوہلی بھی اہم جگہوں پر فیلڈنگ کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں