بشکیک: وزیر اعظم کی بھارتی ہم منصب سے غیر رسمی ملاقات

۔—فائل فوٹو۔


بشکیک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان مختصر بات چیت ہوئی۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور مودی کے درمیان مصافحہ سربراہ اجلاس کے دوران ہوا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے بھارتی انتخابات سے متعلق بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں مختلف تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور بدقسمتی سے غیر یقینی کی صورت حال میں اضافہ ہورہا ہے تاہم ایس سی او فورم امن و استحکام کی بات کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: تنازعات کا خاتمہ : شنگھائی تعاون تنظیم کردار ادا کرے، عمران خان

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ایس سی او اجلاس کے موقع پر پاکستان نے صحت، تعلیم اور ثقافت سے متعلق تین معاہدے بھی کیے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرغزستان میں 2600 پاکستانی طلبہ  تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بیلا روس کے صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات ہوئی جبکہ عمران خان کی چینی صدر کے ساتھ ملاقات مثبت رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی دوسری نشست روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ہوئی جو ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روسی صدر سے ملاقات میں خطے کی صورت حال اور مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی چوتھی نشست کرغزستان کے صدر کے ساتھ ہوئی۔

خیال رہے کہ 28 مئی کو ہم نیوز نے خبر دی تھی کہ 13 یا 14 جون کو بھارتی اور پاکستانی وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔

 


متعلقہ خبریں