’تحریک انصاف کے 15 اراکین قومی اسمبلی رابطے میں ہیں‘


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے 15 اراکین قومی اسمبلی ن لیگ سے رابطے میں ہیں۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں اینکر ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان کو ہم نے نہیں بلایا وہ خود آئے ہیں اور کہہ رہے ہیں اور بھی ارکان ہمارے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو کے اعجاز شاہ پر سازش کے الزام پر شاہد خاقان عباسی نے اختلاف کرتے ہوئے کہا انہیں ایسا نہیں لگتا۔

اپنی ممکنہ گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب حکومت کا بغل بچہ ہے یا حکومت نیب کی پستول والے وزیر فیصل واڈا نے میری گرفتاری کا کہا ہے انہیں کس نے بتایا۔ شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ انہیں پستولوں والوں سے ڈر لگتا ہے۔

پروگرام کے دوران مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے معاملے میں سنجیدہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باقی چھوٹے اتحادیوں کی طرح ہم حکومت کو مطالبات منوانے کے لئے بلیک میل نہیں کر رہے، حکومت نے اگر ہم سے کئے گئے معاہدوں پر عمل نہ کیا تو رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ بجٹ پر حکومت کو ووٹ دینا ہے یا نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنے فنڈز براہ راست کراچی اور حیدر آباد کی بلدیاتی حکومتوں کو دے۔

ادھر شاہد خاقان عباسی کے تحریک انصاف میں توڑ پھوڑ کے دعوے کی وفاقی وزیر سانئس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تردید کر دی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ہماری مہربانی ہے کہ ن لیگ بطور پارٹی اب تک قائم ہے ہم نے پنجاب میں کوئی توڑ پھوڑ نہیں کی۔

اتحادی کی ناراضی پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں، بجٹ پاس ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں