پاک بھارت میچ: مانچسٹر میں موسم کی نیت کیا ہے؟

پاک بھارت میچ: کیا بارش واقعی رنگ میں بھنگ ڈال دے گی

فائل فوٹو


ورلڈکپ 2019 کے سب سے سنسنی خیز مقابلے پاک بھارت میچ سے 48 گھنٹے پہلے اولڈ ٹریفرڈ  کا کرکٹ گراؤنڈ  کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش سے بھیگ رہا ہے جس کے سبب پیچ ڈھانپ دی گئی ہے۔

پیچ سمیت بلے باز کے گرد نزدیکی دائرے، پوزیشن بی اور پوزیش ڈی کو بھی ڈھانپ دیا گیا ہے تاکہ میچ متاثر ہونے کا خدشہ کم سے کم رہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ2019 میں شراکت دار کمپنیوں کے اشتہاری لوگوز بھی بارش کے سبب گراؤنڈ میں نہیں بنائے جا سکے۔

آج صبح پاکستان کی کرکٹ ٹیم جب پریکٹس کی غرض سے میدان میں پہنچی تو بارش ایک بار پھر شروع ہوگئی اور گرین شرٹس کو ان ڈور پریکٹس کرنی پڑی جب کہ بھارت کی ٹیم ابھی ناٹنگھم سے روانہ نہیں ہوئی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اولڈ ٹریفرڈ گراؤنڈ میں 22 مئی سے کوئی میچ نہیں کھیلا گیا اور یہ میدان گزشتہ ایک ہفتے سے بارش میں بھیگ رہا ہے۔

پیچ کو ایک ہفتے سے ڈھانپ کر رکھا گیا ہے جس کے سبب اس پر کوئی گھاس نہیں اور اسپنیر کیلئے موزوں قرار دیا جا رہا ہے۔

مقامی محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز دوپہر تک موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی ہے لیکن اس کے بعد ہلکی بارش متوقع ہے۔

آئی سی سی کے سابق چیف سے جب میچ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بھی ہاتھ کے اشارے سے’بیسٹ آف لک‘ کہنے پر ہی اکتفا کیا۔

ورلڈکپ2019 کے شراکت دار کرکٹ کونسل سے نالاں ہیں کیوں کہ مقابلے نہیں ہوپارہے اور آئی سی سی نے میچز نہ ہونے کی ذمہ داری خراب موسم پر ڈال رکھی ہے۔

پاکستان اور بھارت کا کرکٹ میچ دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے اور یہ دونوں ٹیمیں کافی عرصے بعد آمنے سامنے ہوں گی۔ آئی سی سی کی شراکت دار کمپنیاں اس میچ سے خطیر رقم کمانے کی امید کر رہی ہیں جس کا  دارو مدار موسم کی مہربانی پر ہے۔


متعلقہ خبریں