میٹرو بس کے کرایوں میں اضافہ

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے کرایوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

میٹرو بس میں سفر کرنے والے بھی نئے بجٹ سے نہ بچ سکے اور صوبائی حکومت نے سبسڈی کم کرنے کے لیے بسوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا۔

ذرائع محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور اور راولپنڈی میں چلنے والی میٹرو بس کے کرایوں میں 10 روپے کے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔ کرائے میں اضافہ کے بعد میٹرو بس کا کرایہ 30 روپے ہو جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرو بسوں کے کرایوں میں اضافہ سے سالانہ سبسڈی میں ایک سے ڈیڑھ ارب روپے کی کمی ہو گی جبکہ سبسڈی کی کمی اور آمدن کو بڑھانے کے لیے میٹرو بس کے راستوں پر اشتہارات لگائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت میٹرو بسوں پر سالانہ 9 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں ملتان میٹرو بس کے پل سے پتھر گرنے لگے

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان بھی میٹرو بس کو حکومت پر بوجھ قرار دے چکے ہیں اور انہوں نے سبسڈی ختم کرنے کا بھی اشارہ دیا تھا۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس ترکی حکومت کی مدد سے تعمیر کیا گیا جس کا آغاز 4 جون 2015 کو ہوا۔ اس کی لمبائی 24 کلومیٹر ہے جس پر 24 اسٹیشنز قائم ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق میٹرو بس میں یومیہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد سفر کرتے ہیں۔

لاہور میٹرو بس سروس بھی ترکی کے تعاون سے ہی تعمیر کی گئی اور یہ 27 کلو میٹر طویل ہے۔ اس کے راستے پر 27 بس اسٹیشنز موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں