بلاول، مریم ملاقات، بجٹ منظوری روکنے کی حکمت عملی پر غور



لاہور:مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عوام دشمن بجٹ کو منظور ہونے سے روکنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مسلم لیگ نون نے اعلامیہ جاری کر دیا۔ دونوں رہنماؤں نے میثاق جمہوریت کی روح کے مطابق آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا اور طے پایا کہ آئین کی سربلندی اور جمہوریت ہی ملک کو آگے لے جا سکتی ہے۔

رہنماؤں متفقہ فیصلہ کیا کہ آئی ایم ایف بجٹ عوام اور ملک دشمن ہے اور اسے اسمبلی سے منظور نہیں ہونے دیا جائے گا جبکہ موجودہ حکومتی انتظام مکمل طور پر ناکام ہو گیا۔ ملاقات کے دوران موجودہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔

ملاقات میں حزب اختلاف کے قائدین پر الزامات عوام کو سیاسی قیادت سے محروم کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں ملک و قوم کے مفاد کے خلاف اقدام نہیں اٹھا سکتیں اسی لیے کٹھ پتلیوں کو لایا گیا اور اس طرح کی حرکتوں سے ہمیشہ ملک و قوم کا نقصان ہوا ہے۔

ملاقات میں کہا گیا کہ آئین، پارلیمان، عوام، اپوزیشن، عدلیہ، میڈیا سمیت ہر اختلافی آواز پر حکمران حملہ آور ہیں تاہم نئے پاکستان کے نام پر ہونے والا فراڈ قوم مزید برداشت نہیں کرے گی۔ قوم ہماری طرف دیکھ رہی ہے اور ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں بجٹ سے متعلق مشترکہ عملی کیلیے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

نائب صدرمسلم لیگ نون کی خواہش پر اتوار کو ہونے والی ملاقات میں حکومت مخالف جدوجہد زور و شور سے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 ماہ میں ملک میں معاشی بحران ناقابل برداشت صورت حال اختیار کرچکا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نے کھانے کی میز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد عدلیہ کے اوپر نالائق اور جھوٹی حکومت کا حملہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمیں بلاول بھٹو نے ملاقات کے دوران کہا کہ پھانسی سے ملک بدری اور جیلیں دیکھنے والی جماعتوں کو سلیکٹڈ حکومت ڈرا نہیں سکتی۔ ووٹ چور اور کٹھ پتلی حکومت عوام کی ترجمانی نہیں کرسکتی۔

قبل ازیں جاتی امرا آمد پر مریم نواز اور لیگی رہنماؤں نے پی پی پی وفد کا استقبال کیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، چودھری منظور، حسن مرتضٰی اور مصطفٰی نواز کھوکھر بھی پارٹی چیئرمین کے ہمراہ ہیں۔ ن لیگ کی طرف سے راناثنااللہ، ایازصادق، محمدزبیر، پرویزرشید اور مریم اورنگزیب ملاقات میں شریک تھیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ رمضان المبارک کےدوران بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے حزب اختلاف کی جماعتوں کو دیے گئے افطار ڈنر میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں