پاک بھارت میچ میں بارش پر بھی سٹہ

پاک بھارت میچ سے قبل سٹے باز سرگرم، کس کا ریٹ اوپر؟

فائل فوٹو


لاہور: ورلڈکپ2019 کے سب سے سنسنی خیز میچ سے قبل سٹے باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ اربوں روپے پاکستان، بھارت اور بارش پر لگائے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق آج کے بڑے ٹاکرے میں بھارت کا ریٹ 44 پیسے لگایا گیا ہے اور اسے فیورٹ بھی قرار دیا جارہا ہے۔

آئی سی سی کے 22ویں میچ میں قومی فیورٹ نہیں ہے اس لیے پاکستان کا بھاو 2 روپے 15 پیسے نکالا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت میچ: کیا گرین شرٹس تاریخ بدل پائیں گے؟

پاکستان بمقابلہ بھارت: جیت کیلیے اعدادوشمار کس کے حق میں؟

بارش کا بھی قوی امکان ہے اور میچ مکمل یا نامکمل ہونے پر بھی جوا ہورہا ہے۔ بک میکرز نے میچ مکمل ہونے کا بھاو32 پیسے اورنامکمل کا ریٹ 3روپے نکالا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ پولیس کے ڈر سے بک میکر اپنے جگہیں تبدیل کر رہے ہیں اور سارا کاروبار موبائل فونز پر کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں بک میکروں نے پاک بھارت میچ کے لیے نئے موبائل نمبرز سٹے بازوں کو فراہم کیے ہیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ سٹے بازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے گا جس کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

ہم نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی کام کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور جرم میں شریک پائے گئے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔


متعلقہ خبریں