صدر ٹرمپ نے اڑن طشتریوں کے بارے میں زبان کھول دی

صدر ٹرمپ نے اڑن طشتریوں کے بارے میں زبان کھول دی

فائل فوٹو


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق انہیں نیوی پائلٹس کی طرف سے اڑن طشتریوں (یو ایف اوز) کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے لیکن وہ اس بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔

ٹرمپ سے ایک انٹرویو میں سوال کیا گیا کہ ہمیں مسلسل رپورٹس مل رہی ہیں کہ امریکی نیوی نے ڈھیر ساری اڑن طشتریاں دیکھی ہیں، آپ اس بارے میں کیا کہیں گے؟

امریکی صدر نے کہا کہ ایک تفصیلی میٹنگ میں مجھے یہی بتایا گیا تھا، لیکن میں ایسا نہیں سوچتا جیسا وہ (نیوی والے) سوچتے ہیں، مجھے اس پر خاص توجہ نہیں دینی چاہیے۔

ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر زمینی مدار سے باہر کسی مخلوق کی موجودگی کے شواہد ملے تو سب سے پہلےآپ (ذرائع ابلاغ) کو مطلع کیا جائے گا اور ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

خیال رہے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے خبر دی تھی کہ نیوی پائلٹس نے 30 ہزار فٹ کی بلندی پر انتہائی تیز رفتار میں اڑتے ہوئی کسی چیز کو دیکھا تاہم رفتار زیادہ ہونے کے سبب اس کی ساخت کے بارے میں مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔

ان خبروں کے بعد امریکی نیوی کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایسی رپورٹس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ادارہ اڑن طشتریوں کی موجودگی پر یقین رکھتا ہے، ہم “اجنبی چیز” نظر آنے پر رپورٹ کرنے کے طریقہ کار میں بہتری لائیں گے تاکہ مستقبل میں اس قسم کا ابہام پیدا نہ ہو۔


متعلقہ خبریں