’سندھ میں تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے‘

سندھ میں تباہی کا ذمہ دار پیپلز پارٹی کو قرار دے دیا

فوٹو: فائل


کراچی: گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے سندھ کی تباہی کا ذمہ دار پیپلزپارٹی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب بدعنوانی کے دفاع کے لیے سندھ کارڈ نہیں چلے گا۔

پیر پگارا کی زیر صدارت جی ڈی اے کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ سندھ ميں کرپشن اور زرعی تباہی کی ذمہ دار پيپلزپارٹی حکومت ہے۔ سندھ کے حکمرانوں اور افسروں کو کرپشن کا حساب دينا ہو گا تاہم اب ملک کے وسائل اور گورننس کے تحفظ کا وقت آگيا ہے۔

پیر پگارا نے عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ میں جرائم، ناقص حکمرانی اور کرپشن کا نوٹس لیں۔

جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ تھر اور بدين میں بچے مرتے رہے لیکن ہمارے وزرا صرف اجلاس کرتے رہے۔ کسانوں کو روٹی اور پانی نہ دينے والے جمہوریت کے چیمپیئن بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پيپلز پارٹی نے سندھ کو ايڈز جیسی موذی بیماری دی اور شہروں کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔ انہوں ںے وفاق کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانی، روزگار اور وسائل میں وفاق سندھ کو بھی حصہ دے۔

یہ بھی پڑھیں جی ڈی اے کا پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، عمران خان سندھ کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں۔

اس موقع پر جی ڈی اے کے دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے لوگ غربت اور لاقانونیت کے گھیرے میں ہیں جبکہ سندھ کے وسائل بے دردی سے لوٹے گئے لیکن سندھ کے لوٹ ہوئے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کو بہتر گورننس صرف جی ڈی اے ہی دے سکتی ہے کیونکہ جی ڈی اے کی حکومت میں وزیر وہی شخص ہو گا جس کا دامن کرپشن اور جرائم سے پاک ہو۔


متعلقہ خبریں