ملک کو معاشی خودکشی نہیں کرنے دیں گے، بلاول بھٹو

وزیراعظم صاحب، فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے مہنگائی ختم نہیں ہوگی

فوٹو: فائل


لاہور: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی خودکشی کرنے نہیں دیں گے اور اگر یہ حکومت جاتی ہے تو چلی جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسمبلی میں عوام دشمن بجٹ کو منظور نہیں ہونے دیں گے کیونکہ آئی ایم ایف کے اس بجٹ میں غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا اور ہر شعبہ میں ہی ٹیکس لگا دیا تاہم چوروں، لٹیروں اور ڈاکوؤں کو ایمنسٹی اسکیم دی گئی۔

انہوں ںے کہا کہ اب آئی ایم ایف ہمارے فیصلے کر رہا ہے کہ ہمارا وزیر خزانہ کون ہو گا جبکہ چیئرمین ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی بھی آئی ایم ایف نے کی۔

مریم نواز سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ مریم نواز سے رواں مالی سال 20-2019 کے بجٹ سمیت تمام ملکی مسائل پر بات ہوئی جبکہ اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے بھی جلد ملاقات متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے اپنے اپنے نظریات ہیں تاہم عوامی مسائل کے حل کے لیے ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس حوالے سے حکومت کے اتحادیوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں بلاول، مریم ملاقات، بجٹ منظوری روکنے کی حکمت عملی پر غور

بلاول بھٹو نے 30 جون سے پیپلز پارٹی کی عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا اور بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر نواب شاہ میں پارٹی کا جلسہ  کریں گے۔

پارٹی چیئرمین نے کہا کہ اگر حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرتی تو پیپلز پارٹی خود حکومت کے ساتھ تعاون کرتی لیکن عوام دشمن بجٹ کو پاس ہونے نہیں دیں گے تاہم حکومت کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ عوام دوست بجٹ پیش کر دے۔


متعلقہ خبریں