انسداد پولیو مہم کا آغاز ملک کے کن اضلاع میں ہورہاہے؟

پولیو:عالمی ادارہ صحت کا پاکستان پر عارضی سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

فائل فوٹو


ملک بھر کے مختلف اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز آج سے ہورہاہے۔پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ  پنجاب میں  تین روزہ انسداد پولیو مہم میں 43 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے۔

محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 17 لاکھ ،راولپنڈی میں 7 لاکھ،ملتان  میں9 لاکھ بچوں اورڈیرہ غازی خان میں 6لاکھ 50 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اسی طرح شیخوپورہ، میانوالی، بھکر کی 36 منتخب یونین کونسلوں میں دو لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

سندھ میں  17 جون سے 23 جون تک کراچی جبکہ 17 جون سے 20 جون تک سندھ کے دیگرشہروں میں پولیو مہم چلائی جائے گی۔

سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق مجموعی طور پر کراچی کے 6 اضلاع سمیت سندھ کے 26 اضلاع میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

حکام کے مطابق مہم کے دوران 54 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ کراچی کے 24 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔

بلوچستان کے13  اضلاع میں 13لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلاے جائنگے ۔پولیو مہم کے دوران13لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گےاور اس مہم میں 5ہزار سے زائد  ٹیمیں حصہ لینگی۔

خیبر پختونخوا میں بنوں ڈویژن اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں بھی تین روزہ انسدادپولیو مہم کا آغاز آج  سے ہورہاہے ۔ مہم کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا میں شروع ہونے والی مہم میں ایک لاکھ پچانوے ہزار ایک سو پچیس بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گےاور اس مہم  کیلئے 850 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پولیو کے قطرے پلانے کے لیے تشکیل دی گئی ٹیموں میں 758 موبائل،51 فکسڈ،31 ٹرانزٹ اور 10 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 205 ایریا انچارجز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ انسداد پولیوٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس،لیوی اور خاصہ دار فورس تعینات کی گئی ہے۔

بنوں کے علاقہ جانی خیل سے ایک اور پولیو کیس سامنے آیاہے، 17 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔بنوں ڈویژن میں پولیو کیسز کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

بنوں میں مہم کی نگرانی وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء خود کررہے ہیں۔

بابر بن عطاء نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو جاری کیے گئے بیان میں کہاہے کہ انسداد پولیومہم کا ہدف ایک کروڑ 25 لاکھ بچوں کو قطرے پلاناہے. بنوں ، کوئٹہ ، لاہوراور راولپنڈی سمیت دوسرے شہروں میں پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کا مقصدان شہروں سے پولیو وائرس کاخاتمہ ہے۔ بنوں ڈویژن پولیو وائرس کے لئے انتہائی حساس ہے۔ والدین جھوٹے پروپیگنڈےمیں نہ آئیں اورپانچ سال تک کے بچوں کو انسدادپولیوکےقطرے ضرور پلائیں کیونکہ پولیو سے بچاؤ کا واحد حل پولیو ویکسین ہے۔

پاکستان میں رواں سال  مجموعی طور پر اب تک 24 پولیو کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا سے 18 ، پنجاب سے 3 اور سندھ سے بھی 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کے چھ شہروں میں پولیو وائرس کا انکشاف

سندھ میں رپورٹ ہونے والے 2 کیسز کراچی کے ہیں۔


متعلقہ خبریں