ٹرمپ کی لندن کے میئر صادق خان کے خلاف زہر افشانی

ٹرمپ کی لندن کے میئر صادق خان کے خلاف زہر افشانی

وشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی روایتی ’دشمنی‘ کا ثبوت دیتے ہوئے تجویز پیش کی ہے کہ لندن کو فوری طور پر ایک نئے میئر کی ضرورت ہے۔ خود کو دنیا کے سامنے جہوریت کا علمبردار قراردینے والے امریکہ کے صدر نے برطانوی دارالحکومت کے منتخب میئر صادق خان کو تباہی کے مترادف قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ لندن کو تباہ کردیں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ میں دیے جانے والے ’ریڈ کارپٹ‘ استقبال کی مخالفت کرنے اور اسے برطانوی روایت کے منافی قرار دینے والے میئر صادق خان سے اپنی ’پرخاش‘ کا ثبوت دیتے ہوئے لندن میں وقوع پذیر ہونے والے پرتشدد واقعات پراظہار ہمدردی کرنے کے بجائے ’طنزیہ انداز‘ میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر ’فقرے بازی‘ کی ہے۔

لندن میں پیش آنےوالے پرتشدد واقعات میں ایک ہی دن کے اندر تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

امریکہ کے صدر نے اس سے قبل بھی لندن کے میئر صادق خان کو اپنے ٹوئٹ پیغام میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

لندن کے میئر صادق خان نے پرتشدد واقعات پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ مجرمانہ تشدد کی ہمارے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے اور میرے لیے اہل لندن کی حفاظت کو یقینی بنانے سے زیادہ اہمیت کسی اور چیز کی نہیں ہے۔

میئر صادق خان کے ترجمان نے اپنے جوابی پیغام میں کہا ہے کہ میئر اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں، وہ اپنا وقت ٹوئٹس کا جواب دینے میں ضائع نہیں کریں گے اورکسی بحث میں پڑنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینا زیادہ ضروری سمجھتے ہیں۔

 

لیبر پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر جیریمی کوربن نے صدر ٹرمپ کے بیان کو انتہائی ’ناگوار‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ ہلاک ہونے والے افراد کے المیے کو میئر پر تنقید کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

لندن کے میئرصادق خان پاکستانی نژاد مسلمان برطانوی شہری ہیں۔


متعلقہ خبریں