خیبر پختونخوا:آئندہ سال کتنے ترقیاتی منصوبوں پر کتنی رقم لگائی جائیگی؟



پاکستان تحریک انصاف کے زیر کنٹرول پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواکے محکمہ بلدیات میں آئندہ مالی سال کے لیے69ترقیاتی اسکیموں کی مد میں 7ارب 39کرورڑ رپے مختص کیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کو دستیاب معلومات کے مطابق نئے منصوبوں میں تحصیل سطح پر اسپورٹس کمپلیکس، اوپن ایریا جم اور کھیلوں کے میدان  تعمیر کیے جائینگے ۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبہ بھر میں فوڈاسٹریٹس، مذبحہ خانوں کی تعمیر ،پھلوں سبزیوں کی مارکیٹس کا قیام بھی نئے منصوبوں میں شامل ہے۔ 69منصوبوں میں سے 16نئے جبکہ 53جاری منصوبے شامل ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے دیہی ترقی کے 42منصوبوں کیلئے 3ارب 10کروڑ36لاکھ 6ہزار روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دیہاتوں میں 32جاری منصوبوں کیلئے 2ارب 48کروڑ36لاکھ اور10نئے منصوبوں کیلئے 62کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

شہری ترقی کے 27منصوبوں میں 21جاری 6نئے منصوبے شامل ہیں۔ شہروں میں جاری منصوبوں کیلئے 3ارب 43کروڑ50لاکھ 3ہزار روپے جبکہ نئے منصوبوں کیلئے 85کروڑ80لاکھ روپے رکھنے کی تجویزہے۔

یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا: 700 ارب روپے سے زائد کا بجٹ 18 جون کو پیش کیا جائیگا

مالی سال 2019-20میں بین الاقوامی امدادی اداروں کی جانب سے محکمہ بلدیات میں کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 700 ارب روپے سے زائد کےسالانہ بجٹ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی مسائل کے باعث سالانہ ترقیاتی پروگرام اور قبائلی اضلاع کے بجٹ میں بار بار تبدیلی کرنا پڑی ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کےسالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 200 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزسامنے آئی ہے۔

صوبہ میں سالانہ محاصل کا ہدف 45سے بڑھا کر 55 ارب روپے  مقرر کیا گیا گیاہے۔ نئے مالی سال میں خیبرپختونخوا کی کل آمدن کا تخمینہ 650 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق صوبہ میں جاری اخراجات کا تخمینہ 475 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ قبائلی اضلاع کے اخراجات جاریہ کے لئے 65 ارب،ترقیاتی پروگرام کے لئے36 ارب روپے رکھنے کی تجویزدی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:بجٹ اجلاس، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

ذرائع نے یہ بات بھی بتائی ہے کہ تجویز کردہ بجٹ کے اعدادو شمار میں ردوبدل ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں