سرفراز کی جمائی اور بھارت کا جوائی تنقید کی زد میں

سرفراز کی جمائی اور بھارت کے جوائی پر تنقید

فائل فوٹو


روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلہ ختم ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اگلی مہم کے لیے کمر کس رہے ہوں گے لیکن مجال ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کا غصہ کم ہوا ہو۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز پر تو میچ کے دوران ہی تنقید شروع ہو گئی تھی جب کیمرے کی آنکھ نے انہیں جمائی لیتے ہوئے ساری دنیا کو دکھا دیا۔

سرفراز پر ہلکی پھلکی تنقید تو اسی وقت شروع ہو گئی تھی جب انہوں نے ٹاس جیت پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا جو انتہائی غلط ثابت ہوا۔ بعدا ازاں جمائی لیتے ہوئے ’پکڑے گئے‘ پھر تو ایسا لگ رہا تھا جیسے صارفین نے ٹی وی چھوڑ کر ٹوئٹر کا محاذ سنبھال لیا۔

قومی ٹیم کی صورتحال سے بیزار اور نیند کی جمائیاں لیتی عوام نے میچ کا نتیجہ بھول کر سرفراز کو تنقید کا ہدف بنایا اور کپتان کی جمائی کی جم کر کلاس لی۔

ایک صارف نے تو کمال مہارت کے ساتھ گرین شرٹس کے کپتان کے لیے میدان میں ہی بستر کا بھی اہتمام کر دیا۔

کپتان کی جمائی پر حملے کم نہیں ہوئے تھے کہ کسی نا ہنجار نے بھارت کے جوائی (شعیب ملک) کی ایک ویڈیو ٹوئٹرپرڈال دی جس میں وہ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا رہے ہیں اور شیشے کا دھواں بھی اڑ رہا ہے۔

صارف نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ میچ سے سات گھنٹے قبل شعیب ملک دوسرےکھلاڑوں کے ہمراہ شیشہ پی رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بھارت کیخلاف ایک اور شکست، ٹوئٹر پر مزے مزے کے تبصرے

مذکورہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر یوں پھیلی کہ صارفین نے سرفراز کی جمائی بھول کر بھارت کے جوائی(داماد) کو تنقید کا ہدف بنا لیا۔

پھر تو صارفین کو بھارت کے خلاف داماد کا صفر پر آؤٹ ہونا بھی یاد آ گیا اور انضام الحق کا بھانجا امام الحق بھی تنقید سے نہ بچ پایا جسے مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔

پھر کون مائی کا لال تھا جو سوشل میڈیا صارفین کا گھوڑا کسی اور طرف موڑے حتی کہ کچھ نے تو پاکستان کی بہو ثانیہ مرزا کو بھی ’گھسیٹ‘ کر بحث کا حصہ بنا دیا۔

بات یہاں تک پہنچ گئی کہ شعیب ملک کی اہلیہ کو میدان ٹوئٹر میں اتر کر وضاحت دینی پڑی۔ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ پر ٹویٹ کیا’ آپ کی اطلاع کیلیے عرض ہے کہ ہم کھانا کھا رہے تھے اور میچ ہارنے کی بعد بھی لوگوں کو کھانا کھانے کی اجازت ہے۔

میچ ختم ہوئے گھنٹوں بیت گئے، ناظرین کو پاکستان کی خراب فلیڈنگ اور سرفراز کا غلط فیصلہ بھی بھول گیا لیکن جمائی اور جوائی پر تنقید تادم تحریرجاری ہے۔


متعلقہ خبریں