ایک بار پھر سندھ حکومت میں تبدیلی کی بازگشت



کراچی :ایک بار پھر سندھ حکومت میں تبدیلی کی بازگشت سنی جارہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے دعوی کیاہے کہ پیپلزپارٹی کے کچھ ارکان وفاداریاں تبدیل کرنےکے لیےان سے رابطے میں ہیں۔

کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ بہت جلد صاف ستھرے لوگ سندھ میں حکمرانی کرتے نظر آئینگے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے خرم شیر زمان کے اس دعوے کو مسترد کردیاہے۔ کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے سازش کی جا رہی ہے کہ ان ہائوس تبدیلی آئے گی،ایسا کچھ نہیں ہونے جارہا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلی کے لئے من گھڑت باتیں پھیلائی جا رہی ہیں،خدا نخواستہ وزیر اعلی کی گرفتاری کا معاملہ نہیں آئے گا۔سندھ حکومت سب سے زیادہ مضبوط حکومت ہے۔

ناصر حسین شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ کسی صورت بھی وزیر اعلی کے عہدے کے لیے  امیدوار نہیں ہیں۔ اگر ایسی صورتحال پیش آئی بھی  تو عذرا پیچوہو سمیت سینئرز رہنما موجود ہیں۔

واضح رہے چند ماہ  قبل بھی سندھ میں گورنر راج لگانے اور سندھ حکومت تبدیل کرنے بیانات پاکستان تحریک انصاف کے مختلف رہنماؤں کی طرف سے سامنے آئے تھے،جس کے بعد بلاول بھٹوزرداری نے سندھ کے مختلف علاقوں میں جلسوں کے ساتھ ساتھ ٹرین مارچ بھی کیا تھا۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر چیمبر کو سب جیل قراردینے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو قرارداد جمع کرادی ہے۔

قراردادا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان کی جانب سے جمع کرائی گئی۔قرارداد میں کہاگیاہے کہ اسپیکر چیمبر کو سب جیل قراردینے سے اسمبلی کی توہین ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے:سندھ حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجانا جانتے ہیں، حلیم عادل شیخ

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان کا کہناتھاکہ پیپلزپارٹی والوں کو کوئی این آر او نہیں ملےگا۔اسیکر چیمبر کو سب جیل قرار دینا اسمبلی کی توہین ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر شاہ نے کہاہے کہ  اسمبلی میں کسی ڈاکو کے لیے سب جیل قائم نہیں کررہے ۔


متعلقہ خبریں