چئیرمن پی سی بی اور چیف سلیکٹر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

چئیرمن پی سی بی اور چیف سلیکٹر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور: کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی پر چئیرمن پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیف سلیکٹر سمیت تمام ذمہ داران سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق مطالبہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کیا گیا ہے۔

ایم پی اے عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر پوری قوم میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار

پاکستان کرکٹ بورڈ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پی سی بی نہ تو منصوبہ بندی کی اور نہ ہی قوم کو بہترین کھلاڑی دیے۔

قرارداد کے متن میں درج ہے کہ شائقین کرکٹ میں انتہائی مایوسی پائی جارہی ہے لہذا ضروری ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ نے اپنی قرار داد میں کہا ہے کہ وزیراعظم بھی کھلاڑیوں کے حوالے سے انہیں ریلو کٹے قرار دے چکے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اعلیٰ سطحی کمیشن اس بات کی بھی تحقیقات کرے کہ میچ سے قبل کھلاڑی نائٹ کلب میں کس طرح پارٹیاں مناتے رہے۔


متعلقہ خبریں