کوئی اتنا کند ذہن کپتان کیسے ہو سکتا ہے ؟شعیب اختر


راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے معروف مایہ ناز سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد  سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم کے لگ بھگ سبھی کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاہے۔

گزشتہ روز ہوئے کرکٹ میچ میں بھارتی ٹیم کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کھانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک وڈیو بیان میں شعیب اختر نےلگ بھگ سبھی کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیکر انکی غلطیاں گنوائی ہیں۔

شعیب اختر کا کہنا ہے کہ گزشتہ میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان  ٹاس جیت کر آدھا میچ جیت گیا تھا مگر ہماری ٹیم نے کوشش کی کہ ہم یہ میچ نہ جیتیں، بھارت سے بیٹنگ کروا کر ہم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی غلطیاں دہرائیں جو انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران کی تھیں۔

سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ کوئی اتنا کند ذہن کپتان کیسے ہو سکتا ہے کہ جسے معلوم ہو کہ ہم رن ریٹ حاصل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز کو معلوم ہونا چاہئے تھا کہ ہماری بیٹنگ ہماری طاقت نہیں ہے، ہماری بالنگ لائن بہتر ہے، ہم نے 5 بالرز کو کھلایا جو کچھ خاص پرفارم نہیں کر سکے۔

نہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرف سے کھیل میں کوئی پلاننگ نظر نہیں آئی، سب کھلاڑی ایک جیسی بلے بازی کر رہے تھے، کوئی ورائٹی نہیں دکھائی دی ۔

شعیب اختر نے حسن علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ واہگہ بارڈر پر چھلانگیں لگاتے ہو، گراؤنڈ میں زور لگاؤ، آپ کی طاقت اور ہمت کی ضرورت گراؤنڈ میں ہے، یہ حرکتیں اُس وقت اچھی لگتی ہیں جب آپ 6 سے 7 وکٹیں لیں، آپ نے تو 84 رنز دے دیئے۔

سابق فاسٹ بالر نے نے محمد عامر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وکٹیں لینے میں بہت دیر کی، وہ اچھے بالر ہیں مگر ’کی مومنٹس‘ میں انہوں نے وکٹ نہیں لی اور بعد میں ان کے وکٹس لینے سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی بھارت کیخلاف ایک اور شکست، ٹوئٹر پر مزے مزے کے تبصرے

شعیب نے مزید کہا کہ امام الحق کو بیٹنگ کی بالکل بھی ٹیکنیکس نہیں معلوم، وہ اسپنر اور فاسٹ بالر کو ایک ہی انداز میں کھیلتے ہیں اور کوئی خاص رن نہیں بنا سکے، نہ ہی کوئی ہٹ مار سکے۔

شعیب اختر نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یاد رہے کہ ہندوستان ہم سے جب بھی جیتا ہے اپنی بالنگ کی وجہ سے جیتا ہے، ہماری بیٹنگ لائن ہمیشہ بھارت کی بالنگ کے سامنے فیل ہوئی ہے، شعیب نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ آپ کی بیٹنگ نہیں آپ کی بالنگ آپ کو جتاتی ہے۔

شعیب نے آخر میں ورلڈ کپ کے اگلے میچز کے لیے نا امیدی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سے آگے میچز میں کچھ بنتے ہوئے نظر نہیں آ رہا، ورلڈ کپ کی فارم میں واپس آنا مشکل ہے۔

 


متعلقہ خبریں