سپریم کورٹ،شہر کی تباہی کا از خود نوٹس لے۔میئر کراچی کی اپیل

وفاق اور سندھ کراچی کے ساتھ سنجیدہ نہیں، میئر کراچی وسیم اختر

فوٹو: فائل


کراچی: مئیر کراچی وسیم اخترنے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ کراچی کی تباہی پرازخود نوٹس لیں کیونکہ شہر قائد کوپاکستان پیپلزپارٹی نے تباہ کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق میئر کراچی نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے یہ اپیل ایک پریس کانفرنس میں کی۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد حسین اور ڈسٹرکٹس کے چیئرمین بھی موجود تھے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے سندھ کی حکمران جماعت پی پی پی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ پانی سر سے اوپر چلا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط کے تحت حکومت کو خطوط  اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے درپیش مسائل سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبائی حکومت کو متوجہ کرنے کے لیے تمام مروجہ طریقہ کار اپنائے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے دعویٰ کیا کہ حکومت سندھ نے دو کھرب روپے کے بجٹ میں سے صرف ایک فیصد بجٹ مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.66 ارب روپے کم مختص کیے گئے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے استفسار کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترقیاتی اسکیمیں کسے اور کیونکر مکمل ہوں گی؟

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ کراچی تباہ ہو گیا ہے لہذا سپریم کورٹ اس کا ازخود نوٹس لے۔

ان کا واضح الزام تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے کراچی کو تباہ کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں