سرفراز نے پاکستان کیخلاف بھارتی سبقت کا اعتراف کرلیا


مانچسٹر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان سے بہتر ہوچکی ہے۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ اسٹیڈیم میں روایتی حریف کے خلاف ذلت آمیز شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’90 کی دہائی میں پاکستانی ٹیم کو برتری حاصل تھی تاہم اب بھارت کی ٹیم پاکستان سے بہتر ہوچکی ہے اور اسی وجہ سے وہ ہمارے خلاف زیادہ میچز جیت رہے ہیں۔‘

پاکستانی کپتان نے کہا کہ ہم بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچز نہیں جیت پاتے، ان میں جو ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالتی ہے وہی جیت جاتی ہے اور اسی وجہ سے بھارت آج اور اس سے پہلے بھی کامیاب رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کوئی اتنا کند ذہن کپتان کیسے ہو سکتا ہے ؟شعیب اختر

ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ہم ایک اچھا ٹاس جیتے تھے تاہم کنڈیشنز کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

’جب ہم نے پچ دیکھی تو اس پر تھوڑی نمی موجود تھی، ہم نے فیصلہ کیا کہ ان کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانا چاہیے تاہم ہم نے درست گیند بازی نہیں کی، کریڈٹ روہت شرما کو بھی جاتا ہے کہ انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘

پاکستانی کپتان نے کہا کہ ہم میچ میں پانچ بولرز اور چھ بلے بازوں کے ساتھ میدان میں اترے تھے اور یہ درست فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے تکلیف دہ پہلو پاکستان کی بیٹنگ تھی، پہلی وکٹ جلدی گرنے کے بعد بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کو سنبھالا تھا تاہم اس کے بعد ہم نے تیزی سے وکٹیں گنوادیں اور میچ ہارگئے۔

سینیئر کھلاڑیوں کی جانب سے ناقص کارکردگی سے متعلق سوال کے جواب میں سرفراز کا کہنا تھا کہ صرف وہی نہیں بلکہ پوری ٹیم پرفارم نہیں کررہی۔

’ہم کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی نہیں دکھارہے، اگر آپ آج کے میچ کے بارے میں بات کریں تو بابر اور فخر نے اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں اور یہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔‘

ان مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اب تک اچھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن ابھی ہمارے چار میچز باقی ہیں، ہمارا ہدف یہ ہے کہ تمام میچز میں کامیاب ہوں۔


متعلقہ خبریں