ججز کے خلاف ریفرنس، وزیر اعظم اور اٹارنی جنرل کی ملاقات

ججز کے خلاف ریفرنس، وزیر اعظم اور اٹارنی جنرل کی ملاقات

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل انور منصور نے اعلیٰ ججز کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر ملاقات کی۔

وزیر اعظم اور اٹارنی جنرل کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں ججز کے خلاف بھجوائے گئے صدارتی ریفرنسز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اہم ملاقات میں ججز کے خلاف ریفرنسز میں وکلا کے ردعمل اور بار ایسوسی ایشنز کے اعلانات پر بھی بات کی گئی جبکہ اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم کو ریفرنسز کا فیصلہ آنے کی صورت میں ممکنہ ردعمل سے نمٹنے کے قانونی پہلوؤں پر بھی بریفنگ دی۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس جواد حسن اور سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کے خلاف ریفرنس دائر کیا۔ جس کا وکلا اور اپوزیشن کی جانب سے سخت مذمت کی گئی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے اس فیصلے خلاف اسمبلی میں قرار داد بھی پیش کی گئی۔ جس میں خبردار کیا گیا کہ اگر ججز کو ہٹایا گیا تو 2007 سے بھی بڑی تحریک چلائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف حکومتی ریفرنس کی سماعت

سینیٹ میں بھی ریفرنسز کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کی گئی۔ جس میں ریفرنس کو آزاد عدلیہ پر براہ راست حملہ قرار دیا گیا اور معزز ججز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ قرار میں معزز ججز کے خلاف ریفرنس واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

14 جون کو سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف حکومتی ریفرنس کی سماعت کے لیے اجلاس جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں ہوا جس میں اٹارنی جنرل انور منصور خان پیش ہوئے اور ریفرنسز سے متعلق حکومتی مؤقف سے آگاہ کیا۔


متعلقہ خبریں