وزیراعظم کی حزب اختلاف کے لب و لہجے میں جواب دینے کی ہدایت


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان قومی اسمبلی کو جارحانہ حکمت عملی اپنانے اور حزب اختلاف کے لب و لہجے میں جواب دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی ارکان کو قومی اسمبلی میں جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ارکان صرف جھوٹ، جھوٹ اور جھوٹ بولتے ہیں، جس لب ولہجے میں اپوزیشن بات کرے اسی میں جواب دیا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کچھ اراکین نے وزیراعظم کی جارحانہ پالیسی اپنانے کی مخالفت بھی کی، ثناءاللہ مستی خیل نے حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنے اور جارحانہ پالیسی سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا ۔

ایم کیوایم رہنما اسامہ قادری نے حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے کچھ رہنماء وزیراعظم کو گمراہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، میں بجٹ کے بعد کراچی کا دورہ کروں گا اور شہر قائد کے ترقیاتی پیکج کی نگرانی خود کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے بیرونی قرضوں پر شاہانہ طرزِ زندگی اختیار کی، محض 10 برسوں میں 24 ہزار ارب ڈالر قرضوں میں اضافہ کیا، قوم کو قرضوں میں جکڑ کر ذاتی تجوریاں بھرنے والے قومی مجرم ہیں۔


متعلقہ خبریں