آرمی چیف کا 300 کلو وزنی شخص کی مدد کا اعلان

آرمی چیف کا 300 کلو وزنی شخص کی مدد کا اعلان

فوٹو: ہم نیوز


صادق آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کی ہدایت پر 300 کلو وزنی نورالحسن کو علاج کی خاطر لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔ نور الحسن کو آج ہی اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

آرمی چیف کی ہدایت پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے رہاشی کو لاہور منتقل کرنے کیلیے ایئرایمبولینس فراہم کر دی گئی جسے آج ہی لاہور کے شالیمار اسپتال منتقل کیا جائے گا جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

شالیمار اسپتال کے ڈاکٹر معاذ نورالحسن کا معدہ کم کرنے کے لیے آپریشن جمعہ کو کریں گے۔

موٹاپے کا شکار نورالحسن کو ایئرایمبولنس میں منتقل کرنے کی خاطر گھر کا گلی میں کھلنے والا دروازہ اور دیوار توڑی گئی اور چارپائی کے سات ہی باندھ کر گھر سے باہر نکالا گیا۔ متاثرہ شخص کو لفٹر کی مدد سے ہیلی کاپٹر تک پہنچایا گیا۔

موقع پر موجود ہم نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینس، اور پولیس کی نفری  بھی اس موقع پر موجود تھی۔

فوٹو: ہم نیوز

اسسٹنٹ کمشنر محمد کاشف نے بتایا کہ نور الحسن نے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے بھی مدد کی اپیل کی تھی۔ آرمی چیف کی جانب سے مدد کے اعلان کے بعد ہیلی پیڈ کی تیاری اور سیکیورٹی کے دیگر انتظامات کیے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ نورالحسن کو لاہور میں ڈاکٹر معاذ الحسن کے پاس منتقل کیا جائے گا جو ان کا مفت علاج کریں گے۔

ڈاکٹر معاذ اس سے قبل بھی 600 کلو وزنی مریض کا علاج کر چکے ہیں اور ان کا نام اس کارنامے کی وجہ سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے۔


متعلقہ خبریں