زرداری کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری

آصف زرداری سے آصفہ بھٹو، سراج درانی اور مراد علی شاہ سمیت دیگر کی ملاقات

فائل فوٹو


اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدرآصف زرداری کی درخواست ضمانت مسترد ہونے سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیاہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری  نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے، نیب کے مطابق منی ٹریل کا براہ راست تعلق آصف علی زرداری سے ہے۔

نیب کو تحقیقات کے لیے آصف زرداری کی حراست درکار ہے، دیگر جرائم کی طرح وائٹ کالر کرائم کا سراغ لگانا آسان نہیں ہے، ملزمان کو دستاویزات سے سامنا کروانا اور کڑیاں جوڑنا ضروری ہوتا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کےجسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی نے فیصلہ جاری کیا۔ سات صفحات پر مشتمل فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حوالے بھی  موجود ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیاہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے نیب کیسز میں ضمانت کا معیار مقرر کیا،سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ضمانت قبل ازگرفتاری کیس میں بھی ہوتا ہے۔

اعلی عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق گرفتاری میں بدنیتی ہوتو عبوری ضمانت دی جاسکتی ہے۔ اعلی عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق عبوری ضمانت کے لیے بھی غیر معمولی حالات ہونے چاہئیں۔

فیصلے میں کہا گیاہے کہ نیب مزید تفتیش کے لئے آصف زرداری کو گرفتار کرنا چاہتی ہے۔عدالت کے سامنے موجودحقائق کے مطابق نیب کی آصف زرداری کو گرفتار کرنے میں کوئی بدنیتی نہیں۔ ضمانت قبل ازگرفتاری کے معیار پر آصف زرداری کی درخواست پوری نہیں اترتی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ آصف زرداری کی درخواست ضمانت کے معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے مسترد کی جاتی ہے۔

تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے مچلکے صرف حاضری کے لیے ہیں، سیکشن 91 کے مچلکے نیب کو گرفتاری سے نہیں روک سکتے، نیب کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

عدالت نے لکھا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہوں تو چیئرمین نیب کو ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہے، عبوری ریفرنس دائر ہونے پر چیئرمین نیب کا ملزم کے وارنٹ جاری کرنے کا اختیار ختم نہیں ہوتا، صرف غیر معمولی حالات میں ہی ملزم کو ضمانت دی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نیب نے آصف علی زرداری کو گرفتار کرلیا

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2رکنی بنچ نے 10جون کو آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی اور اسی روز آصف علی زرداری کو نیب کی طرف سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کررکھا ہے۔


متعلقہ خبریں