بھارت: سخت گرمی 184 افراد کی جان لے گئی


نئی دہلی: بھارت میں جاری شدید گرمی کی لہر نے اب تک 184 افراد کی جان لے لی ہے جب کہ 200 سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ریاست بہار میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے حکام نے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جن میں دفعہ 144 کا نفاذ بھی شامل ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسی طرح 2010 اور 2018 میں بھی سخت گرمی پڑی تھی جس کی لپیٹ میں آکر چھ ہزار افراد نے اپنی جان کی بازی ہاری تھی۔

بھارت میں قائم ’آفات مینجمنٹ‘ کے مطابق سب سے زیادہ اموات لو لگنے سے ہوئی ہیں۔ بہار میں لو لگنے سے ہونے والی اموات کی تعداد 100 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد نہ صرف بچوں کے اسکولوں کو 22 جون تک کے لیے بند کردیا گیا ہے بلکہ دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شدید گرمی کے پیش نظر نتیش حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سرکاری حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت دن کے وقت (صبح گیارہ بجے سے شام چار بجے تک کے درمیان ) لوگوں کو کھلے مقامات پہ اکھٹا ہونے سے روکا گیا ہے اور جاری تعمیراتی کاموں کے بندش کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے اس مقصد کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہے جب کہ ریاست پہلے ہی اسکولوں کی بندش کا حکمنامہ جاری کرچکی ہے۔

بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین دن مزید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔


متعلقہ خبریں