وفاقی حکومت نے قومی ترقیاتی کونسل تشکیل دے دی



وفاقی حکومت نے قومی ترقیاتی کونسل تشکیل دے دی ہے جسکی سربراہی وزیراعظم کریں گے جبکہ آرمی چیف بھی این ڈی سی کے رکن ہونگے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بھی اس کونسل کے رکن ہوں گے۔

وزیر خارجہ اور مشیر خزانہ بھی قومی ترقیاتی کونسل کے ممبر ہوں گے۔  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور کامرس کے وزراء بھی این ڈی سی کے رکن ہوں گے۔

سیکرٹری خارجہ ، خزانہ ، دفاع اور منصوبہ بندی و ترقی کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کے سیکرٹری بھی 13 رکنی قومی ترقیاتی کونسل کے ممبر ہونگے۔

قومی ترقیاتی کونسل ترقی کے لیے پالیسی اور حکمت عملی بنائے گی اورتیز رفتار اقتصادی ترقی کے لیے پالیساں تشکیل دینے کی ذمہ داری بھی این ڈی سی کی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق قومی ترقیاتی کونسل کے پلیٹ فارم سے ملک اور خطے کوجوڑنے کے لیے طویل مدتی پالیسی بنائی جائے گی۔ کونسل علاقئی تعاون کے لیے گائیڈ لائن بھی فراہم کرے گی۔

معاشی تجزیہ کار عابد سلہری نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کے تناظر میں سول اور عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ امیر قطر کا پاکستان کا دورہ متوقع ہے ۔ قطر اور سعودی عرب کے تعلقات کے تناظر میں ان ممالک کے ساتھ تعلقات کو بیلنس رکھنے کے لیے بھی قومی قیادت میں اتحاد واتفاق ضروری ہے۔

سینیئر صحافی محمد مالک نے کہا کہ کونسل کے ٹی او آرز کے حوالے سے قوم کو آگاہ کیا جائے بصورت دیگر غلط فہمیاں پھیلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جو اس فورم موجود ہیں ان کے ٹی او آرز واضح ہیں انکی موجودگی میں نئی کونسل قائم کی گئی ہے تو اسکے ٹی او آرز واضح کرنا ہونگے وگرنہ یہ فورم متنازعہ ہوجائیگا۔

یاد رہے کہ سینئر صحافی  محمد مالک نے اپنے پروگرام ’بریکنگ پوائنٹ ود مالک‘ میں 16جون کو خبربریک کی تھی  کہ حکومت نے معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے اکنامک سیکیورٹی کونسل بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ جو معاشی پالیسیوں اور عالمی معاہدوں پر نظر ثانی کرے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ود مالک میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  اس کونسل کی سربراہی وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے جبکہ دیگر اراکین میں آرمی چیف اور سیکرٹری فنانس سمیت ایک ٹیکنیکل ٹیم ہو گی۔ یہ کونسل عالمی معاہدوں کی منظوری سے متعلق فیصلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے:حکومت کا اکنامک سیکیورٹی کونسل بنانے کا فیصلہ

نوٹ :تجزیہ کاروں کی مکمل رائے جاننے کے لیے اوپر دی گئی وڈیو پر کلک کریں۔


متعلقہ خبریں