ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا


کراچی: ایم کیو ایم نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر پر پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی اسامہ قادری، امین الحق اور ڈپٹی اقبال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے قومی اسمبلی میں ملاقات کی۔

ایم کیو ایم رہنما اسامہ قادری نے بلاول بھٹو زرداری کو یقین دلایا کہ وہ پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر غیر مشروط طور پر پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

اسامہ قادری نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود وہ اپنا مؤقف رکھتے ہیں، پروڈکشن آرڈر ہر رکن اسمبلی کا حق ہے جو اسے ملنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرجاری نہ ہونے پر پیپلزپارٹی برہم

انہوں ںے کہا کہ بجٹ کے معاملے پر بھی ایم کیو ایم کا اپنا مؤقف ہے جسے وہ ایوان میں بیان کریں گے۔

10 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت مسترد ہونے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے آصف علی زرداری کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا اور اگلے روز عدالت میں پیش کر کے ان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔

آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد ہونے والے بجٹ اجلاس میں ان کی شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے گئے اور اس کے بعد بھی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے سابق صدر کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے جا رہے جس پر پیپلز پارٹی اراکین سراپا احتجاج ہیں۔

پیپلز پارٹی اراکین سابق صدر کی گرفتاری کے بعد سے مستقل اسمبلی میں احتجاج کر رہے ہیں اور آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز کی حمایت میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی تقریر کر چکے ہیں اور انہوں نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی سے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔


متعلقہ خبریں