’پاکستانی ٹیم بھارت سے خوفزدہ ہے‘


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، کوچ اور مایہ ناز فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا ہے کہ قومی ٹیم اب جب بھی بھارت کے خلاف میچ کھیلنے میدان پر اترتی ہے تو خود کو کمزور ٹیم کے طور پر دیکھتی ہے۔

دو روز قبل پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں یک طرفہ مقابلے کے بعد 89 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ٹیم کی ورلڈ کپ مقابلوں میں روایتی حریف کے خلاف یہ ساتویں شکست تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیے لکھے گئے اپنے کالم میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان اور بھارت کی کرکٹ کے معیار میں بہت فرق آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی میں ہماری ٹیم اچھی تھی تاہم پاکستانی ٹیم موجودہ بھارتی ٹیم سے خوفزدہ رہتی ہے۔

سابق کوچ کا کہنا تھا کہ اب جب بھی پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میدان پر اترتی ہے تو ہمیشہ دباؤ کو شکار ہوتی ہے اور خود کو کمزور ٹیم کے طور پر دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کلچر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور فٹنس کے معیار کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ ہم بھارت سے مقابلہ کرسکیں۔

مزید پڑھیں: ’ٹیم میں گروپنگ چل رہی ہے‘

وقار یونس نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے پاس اب ایک ہفتے آرام کا موقع ہے، اس دوران ٹیم کو اپنی غلطیاں سدھارنے کا موقع ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر گرین شرٹس ورلڈ کپ کے اپنے بقیہ چاروں میچز میں کامیاب ہوجاتی ہے تو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتی ہے۔

بھارت سے ہار کے بعد کپتان سرفراز احمد نے بھارت کی سبقت تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ پڑوسی ملک کی کرکٹ ٹیم ان سے بہتر ہے۔


متعلقہ خبریں