امیر قطر 22 جون کو پاکستان پہنچیں گے



اسلام آباد: امیر قطر 22 جون کو 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔ امیر قطر کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے نتھیا گلی لے جایا جائے گا جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہو گی۔

امیر قطر اپنے دورے کے پہلے روز ہی شام کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے واپس اسلام آباد آئیں گے۔ جہاں وہ سرینا ہوٹل میں قیام کریں گے۔

اپنے دورے کے دوسرے روز 23 جون کو امیر قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایوان صدر میں چند اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ شیخ تمیم بن حمد الثانی وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق امیر قطر اپنے دورہ پاکستان کے دوران 22 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ امیر قطر کے دورے کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے دوحا اور اسلام آباد کے درمیان سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری تھا۔

یہ بھی پڑھیں آرمی چیف کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی سے ملاقات

رواں سال کے آغاز پر وزیر اعظم عمران خان نے قطر کا دو روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے امیر قطر کے علاوہ سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کی تھیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔

وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران قطر میں موجود 15 ہزار سے زائد پاکستانیوں سے خطاب بھی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں