‘امریکہ نے افغانستان سے مکمل انخلا کی یقین دہانی کرادی‘

افغان امن کانفرنس مئی کے وسط تک ملتوی

فوٹو: فائل


قطر میں طالبان کے ایک نمائندے کے ترجمان نے بتایا کہ امریکہ افغانستان سے مکمل انخلا پر رضا مند ہوگیا ہے۔

سہیل سلیم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ناصرف مکمل انخلا بلکہ امریکہ نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی افغانستان کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرے گا۔

طلوع  نیوز کے مطابق ترجمان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ امریکہ کی طرف سے کیا جانے والا وعدہ ایک اچھی پیش رفت ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان کرنل ڈیوبٹلر نے اس بیان کی تردید کی ہے۔ انہوں نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ جب تک کوئی تحریری معاہدہ نہیں ہوجاتا کوئی بھی بات حتمی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان عوام کو افغان امن عمل کا فوری حصہ بنایا جائے،زلمے

خیال رہے کہ اب تک طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے چھ دور ہو چکے ہیں جن میں قابض فوج کا مکمل انخلا سب سے اہم نکتہ رہا ہے۔

دونوں فریقین میں ہونے والے مذاکرات کے چھ ادوار میں انسداد دہشت گردی، سیز فائر اور حکومت کے ساتھ طالبان کے مذاکرات کا معاملہ بھی زیر بحث رہا ہے۔

امریکہ اور افغان حکومت طالبان سے الگ الگ مذاکرات کر رہے۔ طالبان افغانستان پر قابض افواج کا مکمل انخلا چاہتے ہیں جب کہ امریکہ کو خدشہ ہے کہ ایسا کرنے سے یہ ملک ایک بار پھر خانہ جنگی کا شکار ہوجائےگا۔


متعلقہ خبریں