بلوچستان: 419ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش

بلوچستان اسمبلی: ’باپ‘ 13 سیٹوں کے ساتھ سرفہرست | urduhumnews.wpengine.com

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2019-2020 کا 419 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کر دیا گیا، بجٹ خسارہ 47 ارب روپے سے زائد بتایا گیا ہے۔

وزیرخزانہ میر ظہور بلیدی نے بجٹ پیش کیا۔ تقریر کے دوران اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی اور احتجاج کیا۔

بجٹ میں صوبے کی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 108 ارب اورغیر ترقیاتی بجٹ 291 ارب روپے رکھا گیا ہے ۔

تعلیم کیلئے 60 ارب، لا اینڈ آرڈر 44 ارب 70 کروڑ، صحت کے شعبہ میں 26 ارب، پانی کے منصوبوں کیلئے 28 ارب، صنعت اور توانائی کیلئے 19ارب 7 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ میں کھیل، ثقافت و سیاحت کیلئے 3 ارب 60 کروڑ ، لائیواسٹاک اور جنگلات کیلئے 2 ارب 98 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ۔

بلوچستان کے بجٹ میں نئی صنعتوں اور سی پیک کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے پروگراموں کے لیے بھی رقم مختص کی جارہی ہے ۔

محکمہ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں ریسورس مینیجمنٹ کے ذریعہ محصولات اور آمدنی میں اضافہ ممکن بنایا جائے گا۔

بلوچستان کے وزیرخزانہ ظہور بلیدی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ ترمیمی فنانس بل 2019  بھی متعارف کرایا جائے گا۔ بجٹ کےلیے 304ارب روپے وفاق سے ملیں گے جبکہ باقی رقم صوبہ اپنی آمدنی سے پورا کریگا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے زیر انتظام صوبہ خیبر پختونخوا کا 900ارب روپے سے زائد کا بجٹ بھی گزشتہ روز کے پی اسمبلی میں پیش کردیا گیاہے۔

بجٹ اجلاس سے قبل وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ نے مالی سال 2019-2020کی بجٹ تجاویز کی منظوری دی۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا نےاعلان کیا کہ سال 2019-20 میں پبلک سیکٹر میں 41،687 نئی ملازمتیں مہیا کی جائیں گی۔

صوبائی وزراء کی تنخواہوں میں 12 فیصد کٹوتی کی منظوری دی گئی ۔ قبائلی اضلاع کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 103 ارب روپے ہوگا۔

بجٹ اجلاس کے بعد وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ پہلی مرتبہ صوبائی کابینہ نے قبائلی اضلاع کے لیے بجٹ تجاویز کی منظوری دی ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام پچھلے سال کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2019-20 کے لیے صوبائی بجٹ کا کل حجم 900 ارب روپے رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا کے نئے بجٹ میں تعلیم کیلئے کیا ہے؟


متعلقہ خبریں