دوحا مذاکرات سے قبل افغان طالبان کا دورہ چین و ایران

دوحا مذاکرات سے قبل افغان طالبان کا دورہ چین و ایران

دوحا: افغان طالبان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ایران کا دورہ کیا ہے جہاں اس کی ایرانی حکام سے بات چیت ہوئی ہے۔ افغان طالبان کا وفد اس سے قبل چین کا بھی دورہ کرچکا ہے جہاں چین کے اینٹیلی جنس حکام سمیت دیگر سے وفد کی ملاقات ہوئی تھی۔

افغان نیوز ایجنسی ’افق‘ کے مطابق طالبان ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر امریکہ سے ہونے والی بات چیت ناکام ہوتی ہے تو تحریک طالبان دیگر علاقائی قوتوں کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔

افغان طالبان کے وفد کے دورے کی تصدیق یا تردید ایرانی حکام کی جانب سے نہیں کی گئی ہے لیکن قطر میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے۔

دورہ چین کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ طالبان کے سیاسی معاون ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں طالبان نے چین کا دورہ کیا تھا جہاں وفد نے چین کے انٹیلی جنس حکام سے بات چیت کی تھی۔

‘امریکہ نے افغانستان سے مکمل انخلا کی یقین دہانی کرادی‘

دلچسپ امر ہے کہ افغان طالبان کے اعلیٰ سطحی وفد نے چین اور ایران کا دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب امریکہ کے ساتھ ان کی بات چیت مذاکرات کے آئندہ دور کے حوالے سے ہورہی ہے جو دوحا میں ہو گا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق غالب امکان ہے کہ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان سات اور آٹھ جولائی کو مذاکرات ہوسکتے ہیں تاہم ابھی تک یہ تاریخ حتمی نہیں ہے۔

دلچسپ امر ہے کہ طالبان کے دورہ تہران کے متعلق ایران کی جانب سے کوئی بات نہیں کی گئی ہے لیکن افغانستان میں متعین ایران کے سفیر کے حوالے سے یہ بات ضرور سامنے آئی ہے کہ طالبان کو اقتدار میں شریک کیا جائے۔

افغانستان کے نشریاتی ادارے ’طلوع نیوز‘ کو ایک انٹرویو میں ایران کے سفیر نے کہا کہ ہمارا مقصد قطعی یہ نہیں ہے کہ پوری حکومت طالبان کے سپرد کردی جائے لیکن مستحکم حکومت کے لیے انہیں حکومتی ڈھانچے میں حصہ ضرور دیا جائے۔

افغانستان کے امور سے تعلق رکھنے والے بعض ماہرین کا خیال ہے کہ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا ایک نیا دور رواں ہفتے ہونے جارہا ہے جس میں قیام امن سے متعلق امور کو حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔ مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت حسب سابق زلمے خلیل زاد کریں گے جب کہ طالبان کی سربراہ ملا عبدالغنی برادر کے سپرد ہوگی۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان طالبان کے صوبہ قندھار میں ترجمان رہ چکنے والے عبدالحئی مطمئن کا کہنا ہے کہ دوروں سے لگتا ہے کہ فریقین کے مابین مذاکرات کا آئندہ دور زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔

دلچسپ امر ہے کہ افغان طالبان کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکہ، افغانستان سے اپنی افواج کے مکمل انخلا پر رضامند ہوگیا ہے لیکن امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے واضح کیا ہے کہ طالبان سے صرف امریکی افواج کے انخلا پر بات نہیں ہورہی ہے بلکہ مکمل امن منصوبے پر گفتگو کی جارہی ہے۔

افغانستان میں امن کے لیے ’قبضے‘کا خاتمہ لازمی ہے،ملا برادر

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں زلمے خلیل زاد نے واضح کیا کہ امن منصوبے کے چار نکات ہیں جو ایک دوسرے منسلک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن معاہدہ جن نکات پر مشتمل ہے ان میں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق یقین دہانی، غیر ملکی فوج کا انخلا، افغان فریقین کے مابین مذاکرات، اس کے نتیجے میں کسی سیاسی سیٹ اپ پر اتفاقِ رائے اور ایک جامع و مستقل جنگ بندی شامل ہیں۔

زلمے خلیل زاد کے مطابق امن منصوبے پر فریقین کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے۔

امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے یہ وضاحت اس بیان کے بعد جاری کی ہے جس میں افغان طالبان کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ امریکہ، افغانستان سے اپنی فوج کے انخلا پر رضا مند ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ امریکہ نے یقین دہانی کرادی ہے کہ وہ افغانستان کے اندرونی امور میں مداخلت نہیں کرے گا۔

 

درج بالا میڈیا رپورٹس کو اس وقت مزید تقویت ملی جب قطر میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنا پیغام بھی جاری کیا۔

 

سہیل شاہین نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ نے طالبان کا مرکزی مطالبہ مان لیا ہے۔ وہ افغانستان سے اپنی فوج واپس بلانے اور افغانستان کے امور میں مداخلت نہ کرنے پر آمادہ ہوگیا ہے۔

امریکی وفد کے سربراہ زلمے خلیل زاد نے سہیل شاہین کے ٹوئٹ کے کچھ گھنٹوں بعد یہ وضاحت کی کہ امریکہ طالبان کے ساتھ صرف اپنی فوج کے انخلا پر بات نہیں کر رہا ہے بلکہ وہ جامع امن منصوبے کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی واضح کردیا کہ جب تک تمام باتوں پر اتفاق رائے نہ ہو جائے اس وقت تک یہ سمجھا جائے کہ کسی ایک بات پر بھی اتفاق نہیں ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں