تین بھارتی فوجیوں نے کی خود کشی،ایک نے بیوی کو گولی مار دی

تین بھارتی فوجیوں نے کی خود کشی،ایک نے بیوی کو گولی مار دی

سری نگر: مقبوضہ وادی چنار میں قابض بھارتی افواج سے تعلق رکھنے والے تین فوجیوں نے خودکشی کرلی ہے۔ دو فوجیوں نے خودکشی ڈیوٹی کے دوران کی جب کہ ایک نے بیوی کو گولی مارنے کے بعد خود کشی کا راستہ اپنایا۔

مقبوضہ کشمیر کے ذرائع ابلاغ کے مطابق راشٹریہ رائفلز کے فوجی چھوٹو کمار نے کپواڑہ میں خودکشی کی۔ اس کی عمر 24 سال بتائی گئی ہے۔

بھارت کے دوسرے فوجی کا تعلق بارڈر سیکیورٹی فورس سے تھا۔ اس نے بارہ مولا میں اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ مقبوضہ وادی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں فوجی اہلکاروں نے جب اپنی اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا تو اس وقت وہ ڈیوٹی پر موجود تھے۔

مقبوضہ وادی چنار سے ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ ضلع ڈوڈہ میں ایک بھارتی فوجی نے اپنی اہلیہ کو گولی مارنے کے بعد خود اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔

بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں تعینات قابض افواج سے تعلق رکھنے والے 435 اہلکار اپنی زندگیوں کا خاتمہ خود کشی کے ذریعے کرچکے ہیں۔

بھارت کے مقبوضہ وادی کشمیر میں تعینات رہنے والے 435  فوجیوں نے گزشتہ 12 سال کے دوران خود کشیاں کی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے فوجی اہلکاروں میں دوران ڈیوٹی خود کشی کا رحجان 2007 سے پروان چڑھ رہا ہے۔

دنیا بھر کے ماہرین نفسیات ماضی میں بھی کئی مرتبہ اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ دوران ملازمت جس طرح سے نہتے و بے گناہ مظلوم کشمیریوں کو بہیمانہ تشدد کا ذریعہ بنانے کے لیے بھارت کی قابض افواج کے اہلکاروں کو استعمال کیا جاتا ہے اور جس طرح دوران حراست بزرگوں و جوانوں سمیت بچوں کو قتل کیا جاتا ہے اس کے براہ راست اثرات فوجی اہلکاروں کے اذہان پر مرتب ہورہے ہیں جس کی وجہ سے وہ سخت ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر لیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں