گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت 25سے 200فیصد بڑھنے کا امکان

گیس

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتیں ایک بار پھر  بڑھانے کا فیصلہ کرلیا،گھریلوصارفین کےلئے گیس کی قیمت 25 سے 200فیصد بڑھ سکتی  ہے، فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آج کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایاہے کہ آج ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھی پیش کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی جانے والی سمری میں پہلے سلیب کے صارفین کے لئے 25 فیصد اضافہ تجویز کیا گیاہے۔

باقی پانچ سلیبوں کے لئے بالترتیب 50 فیصد ،75 فیصد،100 فیصد، 150 فیصد اور200 فیصد اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

ای سی سی کے ذریعے اس حکومت کے دوران گیس کی قیمتوں میں اضافہ 3.5 گنا تک جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت گیس کی قیمتیں 145 فیصد پہلے ہی بڑھا چکی ہے۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ برس ستمبر میں ہونے والے اجلاس میں گیس قیمتوں میں اضافہ کی منظور دیتے ہوئے قیمتوں کے سلیب میں بھی اضافہ کر دیاتھا۔

اس وقت کے وزیر خزانہ اسد عمر نے گیس قیمتوں میں اضافہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ غریب صارفین پر کم از کم بوجھ ڈالا گیا ہے، امیر ترین طبقہ کے لیے گیس قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کر کے دس فیصد کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ درآمدات سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہو گی۔

دریں اثناء وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ عام صارفین کے لیےقدرتی گیس کی قیمتوں میں دس سے 20 فیصد اضافہ کیا ہے۔ 500 کیوبک میٹر سے زائد ماہانہ گیس استعمال کرنے والوں کے لئے 140 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:گیس قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دے دی گئی


متعلقہ خبریں