سرکاری ہیلی کاپٹر کیس، عمران خان کا نام غائب



پشاور: خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے کیس میں وزیراعظم  عمران خان کا نام غائب کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کو دستیاب قومی احتساب بیورو(نیب ) کے زیرتفتیش 71افرادکی فہرست سے عمران خان کا نام اور ہیلی کاپٹرکے کیس کا تذکرہ نہیں ہے۔

قومی احتساب بیورو پشاور کے ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ نیب خیبرپختونخوانے9 ماہ قبل تفتیش مکمل کرکے فائل ہیڈ کوارٹرارسال کی تھی۔ کیس ابھی تک نیب کے کسی ایگزیکٹیوبورڈ ایجنڈے پر بھی نہیں لایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب میں خیبرپختونخوا کے 18افراد کے خلاف میگا کرپشن اسکینڈل کی تفتیش جاری ہے۔ عمران خان پرخیبرپختونخوا کے دو ہیلی کاپٹرز کو 74 گھنٹے سے زائد غیرقانونی استعمال کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئیں۔

یاد رہے گزشتہ برس 8اگست کو عمران خان نے وزارت عظمی کے حلف سے قبل نیب پشاور میں اپنا بیان بھی ریکارڈ کرادیا تھا۔

نیب  ذرائع کے مطابق عمران خان ایک گھنٹہ 10 منٹ نیب دفتر میں موجود رہے جبکہ نیب  ٹیم نے 30 منٹ تک عمران خان سے سوالات کیے۔

عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے کبھی حکومتی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا بلکہ وہ ہمیشہ صوبے کے سابق  وزیراعلی یعنی پرویز خٹک کے ہمراہ سفر کرتے رہے ہیں۔

ترجمان نیب کے مطابق ہیلی کاپٹرکیس میں پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم نے عمران خان سے ایک گھنٹہ تفتیش کی اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر 7 سوال کیے، انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ساتوں سوالات کے جواب دیے اور طلبی پر نیب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ترجمان نیب نے بتایا کہ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کیس سے متعلق دستاویزات نیب ٹیم  کے حوالے کیں۔

نیب نے عمران خان کا بیان ریکارڈ  کرنے کے بعد خصوصی سوالنامہ بھی ان کے حوالے کردیا جسے 15 دن کے اندر تحریری جوابات کے ساتھ  جمع کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال، عمران خان نیب میں پیش

اسی طرح سابق وزیراعلی کے پی اور موجودہ وزیر دفاع پرویزخٹک کے خلاف مالم جبہ اراضی اسکینڈل بھی سرد خانے کی نذرہوچکاہے۔


متعلقہ خبریں