ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے ایف بی آر متحرک

ایف بی آر کے نوٹس پر ایک لاکھ افراد نے اثاثے ظاہر کردیے | urduhumnews.wpengine.com

لاہور:فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے کمر کس لی ہے ،لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) سے پانچ لاکھ بارہ ہزار انڈسٹریل اور کمرشل کنکشنز کی تفصیلات حاصل کرلی گئیں۔

ایف بی آرنے  پچپن ہزار انڈسٹریل اور چار لاکھ سے زائد کمرشل کنکشن ہولڈرز کو بلز کے ساتھ نوٹسز بھجوانے کا عمل بھی شروع کردیا ہے ۔

ایف بی آر کی طرف سے کہا گیاہے کہ لیسکو کی حدود میں 5لاکھ 12ہزار کمرشل اور انڈسٹریل کنکشن ہولڈرز تاحال سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں۔

حکام کے مطابق چیف کمشنر کارپوریٹ آرٹی او سید ندیم رضوی کی ہدایت پر کارروائی شروع کی گئی ہے ۔ کارپوریٹ آرٹی او نے 40ہزار کمرشل اور انڈسٹریل صارفین کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ ایف بی آر کی ٹیمیں لیسکو کی معاونت سے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھائیں گی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 4جون کو  وزیراعظم عمران خان نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ  دیاتھا۔

بنی گالہ میں معاشی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان  نے کہا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم اورٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوروں کو پکڑنے کے لیے تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

اجلاس میں مشیرخزانہ حفیظ شیخ، چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی اور وزیرمملکت برائے ریونیو سمیت دیگر اقتصادی ماہرین شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک کے مالیاتی معاملات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تجاویز پر مشاورت کی گئی۔

حماد اظہر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع اور حکومت کو ملنے والے ٹیکس ریونیو پر شرکاء کو بریفنگ دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: ’30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن‘


متعلقہ خبریں