افغان کرکٹ بورڈ کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بھارت میں کرانے کی خواہش نظر انداز


بھارتی کرکٹ بورڈ نے افغانستان کرکٹ بورڈ کی بھارت میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کی خواہش کو نظر انداز کردیاہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے بھارت کو اپنا ہوم گراونڈ بنانے کا پلان بنایا تھا جس کے لیے مئی میں باضابطہ طور پر بھارتی کرکٹ بورڈ سےدرخواست بھی کی تھی۔

افغان کرکٹ بورڈ کی درخواست میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کے میچز لکھنو سمیت دوسرے مقامات پر کرانے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے افغان کرکٹ بورڈ کو یہ کہہ کرصاف انکار کردیا ہے کہ ہم خود آئی پی ایل کے میچز یہاں کراتے ہیں، ایسے میں یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی اور بورڈ کو یہاں لیگ کرانے کی اجازت دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی کپ 2019 کے 24 ویں میچ میں انگلینڈ کی طرف سے بھی  افغانستان کو 150 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

افغانستان کی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 398 رنز کے بڑے ہدف کو عبور کرنے میں ناکام رہی اور انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔

گلبدین الیون کی جانب سے حشمت اللہ شاہیدی 76، اصغر افغان 44 اور رحمت شاہ 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور عادل رشید نے تین، تین جبکہ مارک ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اولڈ ٹریفرڈ کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ۔

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے کپتان نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 57 گیندوں پر سنچری اسکور کی، انہوں نے 148 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 17 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

ایوئن مورگن نے ون ڈے کرکٹ کی ایک اننگز  میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

دیگر کھلاڑیوں میں جونی بیرسٹرو نے 90، جو روٹ نے 88، جیمز ونس 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب  اور دولت زردارن نے نے بالترتیب تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیے: انگلینڈ کے ہاتھوں افغانستان کو 150 رنز سے شکست


متعلقہ خبریں