خیبر پختونخوا:حسین وادیٔ مالم جبہ میں درختوں کی کٹائی کا سلسلہ جاری


سوات: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی حسین وادیٔ مالم جبہ میں درختوں کی بے دریغ کٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹمبر مافیا درختوں کا دشمن بن گیاہے۔

ہم نیوز کے مطابق  وادی مالم جبہ میں ٹمبر مافیا نے درجنوں قیمتی درختوں کو بے دردی سے کاٹ دیاہے۔ درختوں کی کٹائی مالم جبہ کے علاقہ پائندے میں کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کےمحکمہ  جنگلات کے اہلکار وں نے درختوں کی کٹائی پر آنکھیں بند کرلی  ہیں۔

مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ درختوں کی کٹائی سے وادیٔ مالم جبہ کا قدرتی حسن داؤ پر لگ گیاہے اورکوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ لوگوں نے ہم نیوز کے توسط سے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ اس اہم ترین معاملے پر توجہ دی جائے ۔

دوسری طرف درختوں کی کٹائی روکنے کیلئے حکومتی اقدامات صرف دعوؤ ں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ درختوں کی تازہ کٹائی کی فوٹیج اور تصاویر میڈیا کو موصول ہوئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتاہے کہ کئی درختوں کو کاٹا جا چکاہے جبکہ کئی درختوں کو کاٹنے کیلئے نشان بھی لگا دیے گئے ہیں۔

محکمہ جنگلات کے ضلعی افسر(ڈی ایف او) رئیس خان سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کی انکوائری کرینگے اور درختوں کی کٹائی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی  کی جائیگی۔

یہ بھی پڑھیے:آزادکشمیر: پابندی کے باوجود جنگلات کی کٹائی کا سلسلہ جاری


متعلقہ خبریں