’گیدڑبھبکیاں دینے والے بجٹ  پاس کرانے سے نہیں روک سکتے ‘

 ’گیدڑبھبکیاں دینے والے بجٹ  پاس کرانے سے نہیں روک سکتے ‘

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام نے دونوں جماعتوں کو مسترد کرکے عمران خان کو اپنا وزیراعظم چنا ہے، عمران خان اور پاکستان لازم وملزوم ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ چاروں اکائیوں کا ضامن ہے، گیدڑ بھبکیاں دینے والے اسے پاس کرانے سے نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ نہیں رکے گا اسے عوام کے نمائندے پاس کروائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جس کا ملک کے ساتھ رشتہ ہوگا وہ بجٹ کے ساتھ کھڑا ہوگا اور ملک میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کی بات کی اس پر قائم ہیں، وزیراعظم آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، میں اور میرا رہنما مشکل حالات میں زیادہ اچھا کھیلتے ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف نے ایوان میں کچھ حقائق کو مسخ کرتے ہوئے روایات کو منسوخ کیا۔

حزب اختلاف کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے پارلیمنٹ میں آنے والےعمران خان کا راستہ نہیں روک سکتے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم کا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا، حزب اختلاف عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پرامید ہوں کہ حزب اختلاف عوام سے اپنا ناطہ نہیں توڑے گی اور وہ غنڈہ گردی سے نہیں، آئینی اور پارلیمانی طریقے سے ترامیم لائے تو جائزہ لیں گے۔


متعلقہ خبریں