پوائنٹس ٹیبل: جنوبی افریقہ کو شکست دےکر نیوزی لینڈ پہلے نمبر پر


لندن: ورلڈ کپ 2019 کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی۔

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان قریبی مقابلہ ہوا تاہم میچ کا اختتام کیویز کے دو پوائنٹس کے اضافے پر ہوا جبکہ جنوبی افریقہ کے ہاتھ کچھ نہ لگا اور اب اس کے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کے امکانات مزید مدھم ہوگئے ہیں۔

میچ سے قبل تیسری پوزیشن پر براجمان نیوزی لینڈ کی ٹیم اب 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔

ٹیبل پر گزشتہ روز افغانستان کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دینے والی انگلینڈ کی ٹیم دوسرے، آسٹریلیا تیسرے جبکہ بھارتی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہے۔

کچھ روز قبل ویسٹ انڈیز کو شکست سے دوچار کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم پانچویں، سری لنکا چھٹے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے۔

پاکستان کے خراب نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے شکست کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم آٹھویں نمبر پر موجود ہے تاہم اس نے گرین شرٹس کے مقابلے میں ایک میچ زیادہ کھیلا ہے۔

پاکستانی ٹیم بدستور نویں اور افغانستان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں بغیر کسی فتح کے باعث دسویں نمبر پر ہے۔

نیوزی لینڈ کی فتح کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید کم ہوگئے ہیں، اگر یہ میچ جنوبی افریقہ جیت جاتا تو گرین شرٹس کے لیے صورت حال کچھ بہتر ہوجاتی۔


متعلقہ خبریں