ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کی مزاحمت لیکن آسٹریلیا کامیاب


ناٹنگھم: کرکٹ کے عالمی کپ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں  آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلیا کے سلامی بلے بازوں نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 121 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 53 کے انفرادی اسکور پر کپتان ایرون فنچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ کے درمیان 192 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔

دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس کھیلے جبکہ بنگلہ دیشی گیند باز بے بسی کا منظر پیش کرتے رہے۔

مزید پڑھیں: ولیم سن کی سنچری، سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کامیاب

ایک موقع پر تو ایسا لگا کہ کہ آسٹریلیا کی ٹیم رواں ورلڈ کپ کے دوران 400 کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی تاہم اختتامی اوورز میں بنگلہ دیش کی بہتر بولنگ کے باعث آسٹریلیا 381 ہی بنا پائی۔

کنگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 166، عثمان خواجہ نے 89 اور ایرون فنچ 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے سومیہ سرکار نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بنگلہ دیش کی جانب سے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا تاہم ہدف سے 48 رنز دور اس کی اننگز کا اختتام ہوگیا۔

بنگال ٹائگرز کی جانب سے تمیم اقبال نے 62، شکیب الحسن نے 41، محمود اللہ نے 69 جبکہ وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے شاندار سنچری اسکور کی تاہم اپنی ٹیم کو ہدف کے پار لگانے میں ناکام رہے۔

اپنے مقررہ 50 اوورز میں بنگلہ دیش کی ٹیم 333 رنز ہی بنا سکی۔

آسٹریلیا کی جانب سے بولنگ اور فیلڈنگ کے دوران متعدد غلطیاں کی گئیں تاہم ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

شاندار سنچری اسکور کرنے پر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں