بھارت پاکستان سے مذاکرات پر آمادہ ہوگیا


اسلام آباد: پاکستان کی خطے میں قیام امن کےلیے مذاکرات کی پیش کش پر بھارت کی طرف سے مثبت جواب آیاہےاور ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

پاکستان نے کشمیر اور دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودوی اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کا وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیرخارجہ کو جوابی خط موصول ہوگیاہے۔

دونوں خطوط باضابطہ سفارتی چینلز کے ذریعے پاکستان کو منگل کے روز موصول ہوئے۔

بھارتی وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی طرف سے لکھے گئے دونوں خطوط  وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خط کے جواب میں لکھے گئے۔

ذرائع کے مطابق خطوط میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور ازسرنو مذاکرات کی بات کی گئی ہے۔بھارتی خطوط میں کہا گیاہے کہ  بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے۔ بھارت خطے میں امن اور ترقی چاہتا ہے۔

خطوط میں کہا گیاہے کہ بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیع دی ہے،پاکستان کی طرف سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا ہے،پورے خطے میں امن اور ترقی کے لئے بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لئے تیار ہے۔

بھارت کی طرف سے کہا گیاہے کہ مذاکرات میں دہشت گردی کے مسئلے پر خصوصی توجہ دی جائے،وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے کاؤنٹر پارٹس کو خط لکھ کر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم عمران خان کا بھارتی ہم منصب کو خط

وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جلد اپنے بھارتی ہم منصبوں کے خطوط کا جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ  وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خط  لکھنے کی خبر 7جون کو آئی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم کو دوبارہ وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی۔

سفارتی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے، امن و استحکام سے ہی خطے میں ترقی آ سکتی ہے۔

خط میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے، ترقی کیلئے ایک ساتھ کام کرنا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: مودی کی حلف برداری میں’ہمسائے پہلے‘ لیکن عمران خان باہر

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطہ میں ترقی کیلئے ایک دوسرے کا احترام ضروری ہے جبکہ مذاکرات کے ذریعے ہی دونوں ممالک کے عوام کو غربت، افلاس اور دیگر مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔

خط میں پاکستانی وزیراعظم نے مزید کہا کہ آگے بڑھے کیلئے مشترکہ طور پر خطہ میں امن و استحاکام ضروری ہے۔

اس سے قبل بھارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کامیابی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کو فون کرکے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں