امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ نہیں ہوگی، علی شمہانی کادعویٰ

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ نہیں ہوگی، علی شمہانی کادعویٰ

اوفا: ایران کی قومی سلامتی کے سیکریٹری جنرل علی شمہانی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حلقوں کی جانب سے کیے جانے والے پروپگنڈے کے باوجود دونوں ممالک میں جنگ نہیں ہوگی کیونکہ اس کے لیے کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے۔

علی شمہانی کی جانب سے یہ دعویٰ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پوری دنیا کی نگاہیں خلیج فارس میں ہونے والی ’پل پل‘ کی حرکت پہ مرکوز ہیں اور امریکہ و ایران کے درمیان روز بروز بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی امن کو سخت خطرات سے دوچار کررکھا ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق اوفا میں منعقدہ دسویں بین الاقوامی سلامتی کونسل کے نمائندوں پر مشتمل اجلاس میں شرکت کے موقع پر ایران کی قومی سلامتی کے سیکریٹری جنرل علی شمہانی نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تناؤ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ایران کی خبر رساں ایجنسی ’ارنا ‘ (IRNA) کے مطابق علی شمہانی نے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کا کوئی سبب موجود نہیں ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک پر الزام تراشی کرنا اورانہیں قصور وار ٹھہرانا امریکی حکام نے اپنا معمول بنا لیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی شمہانی نے نہایت پراعتماد انداز میں دعویٰ کہا کہ امریکی حکام نے ایران پر پابندیاں عائد کرکے دراصل ایرانی عوام کو نشانہ بنایا ہے لیکن ہم  لگائی جانے والی پابندیوں کو ’مواقع‘ میں تبدیل کردیں گے۔


متعلقہ خبریں