امیر قطر کی پاکستان آمد کے شیڈول میں تبدیلی

امیر قطر 22 جون کو پاکستان پہنچیں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد:امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی  کی پاکستان آمد کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ امیر قطر اب صبح کے بجائے ہفتہ کی شام کو پاکستان پہنچیں گے۔

دفترخارجہ ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ امیر قطر کے نتھیا گلی جانے کا پروگرام بھی منسوخ کردیا گیاہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔ امیر قطر کے دورۂ پاکستان میں بائیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان ائر پورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کریں گے۔پاکستان آمد کے بعد امیر قطر وزیراعظم ہاؤس جائیں گے جہاں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

امیر قطر کی وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان سے تنہائی میں (ون آن ون) ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔اس موقع پر پاکستان اور قطر کے درمیان مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط ہوں گے ۔

وزیراعظم عمران خان قطر سے آنے والے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

اتوار کو امیر قطر کا سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کا امکان بھی ہے۔ اسی روز امیر قطر ایوان صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔صدر مملکت امیر قطر کو اعلی ترین اعزاز سے نوازیں گے ۔

اتوار کو صدر مملکت کی طرف سے قطری وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے:امیر قطر 22 جون کو پاکستان پہنچیں گے

واضح رہے کہ امیر قطر کے دورے کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے دوحا اور اسلام آباد کے درمیان سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری تھا۔

رواں سال کے آغاز پر وزیر اعظم عمران خان نے قطر کا دو روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے امیر قطر کے علاوہ سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کی تھیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔

وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران قطر میں موجود 15 ہزار سے زائد پاکستانیوں سے خطاب بھی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں