منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے قائم  نئے شعبے نے کام کا آغاز کردیا



کراچی : ملک سے باہر رقم کی غیر قانونی ترسیل (منی لانڈرنگ) کی روک تھام کے لئے قائم کیے گئے  نئےشعبے( ڈائریکٹوریٹ) نے کام کاآغاز کردیا ہے۔

ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر ڈائریکٹوریٹ آف کراس بارڈر کرنسی موومنٹ (سی بی سی ایم )کے کائونٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔

فضائی کمپنیوں (ائر لائنز) اوروفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے )کی جانب سے سی بی سی ایم کو مسافروں کی تفصیلات فراہم کی جارہی ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایاہے کہ سی بی سی ایم کومسافروں کی فہرست پرواز (فلائٹ) کے ٹیک آف اور لینڈنگ سے پہلے ہی مل رہی ہے ۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی ہدایت پر رقم کی غیر قانونی ترسیل (منی لانڈرنگ )کی روک تھام کے لئے سی بی سی ایم کا قیام عمل میں آیاہے۔

واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نےرقم کی غیر قانونی ترسیل ( منی لانڈرنگ) کے خاتمے کے لیے نئے شعبے کے قیام کا اعلان رواں سال مئی میں کیا تھا۔

قائم کیے جانے والے نئے شعبے کو ڈائریکٹوریٹ آف کراس بارڈر کرنسی موومنٹ کانام دیا گیا ۔

ایف بی آر ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ یہ ڈائریکٹوریٹ 20 گریڈ کے کسٹم افسران کی نگرانی میں کام کرے گا اور ضبط کی جانے والی کرنسی کا ریکارڈ مرتب کریگا۔

ڈائریکٹوریٹ ضبط کی جانے والی غیرملکی کرنسی کے بارے میں ایف بی آر اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو بھی آگاہ کرے گا۔ ڈائریکٹوریٹ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ سے ٹرانزیکشن کی رپورٹ لے کر ایک ڈیٹا بیس بھی تیار کرے گا۔

حکام کا کہناہے کہ اسی  ڈیٹا کی وجہ  سے منی لانڈرنگ کو روکنے میں مدد ملے گی۔ کرنسی اسمگلنگ کے حوالے سے ٹیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی معلومات فراہم کریگی۔

ڈائریکٹوریٹ کو یہ اختیار بھی دیا  گیا ہے کہ  وہ منی لانڈرنگ کے مقدمے تیار کرے۔ تجارت کے ذریعے منی لانڈرنگ کا بھی تحقیقات کرنے کا اختیار اس ڈائریکٹوریٹ کو دیا گیا ہے۔

منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف کراس بارڈر کرنسی موومنٹ کا قیام


متعلقہ خبریں